آئندہ سماعت سے پہلے ملزم گرفتار نہ ہوئے تو لکھ دینگے آپ اس عہدے کے قابل نہیں ، سپریم کورٹ کے تہرے قتل کیس میں ریمارکس
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سندھ کی تحصیل میہڑ میں تہرے قتل کے معاملے پر سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ ڈھائی سال سے ملزموں کو گرفتار کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں ، آئندہ سماعت سے پہلے ملزم گرفتار نہ ہوئے تو لکھ دینگے آپ اس عہدے کے قابل نہیں ۔
نجی ٹی وی جی این این کے مطابق سپریم کورٹ میں سندھ کی تحصیل میہڑ میں تہرے قتل کے معاملے پر سماعت ہوئی ، درخواست گزار ام رباب چانڈیو نے کہاکہ 2 فرار ملزموں میں سے ایک کے سر قیمت نہیں رکھی گئی ، پولیس برائے نام تفتیش کررہی ہے، صرف پیپرورک کیا جارہا ہے۔
ڈی آئی جی نعیم شیخ نے کہاکہ پولیس ملزموں کی گرفتاری کیلئے کوششیں کررہی ہے،جسٹس فیصل عرب نے کہاکہ ڈھائی سال سے ملزموں کو گرفتار کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔
عدالت نے کہاکہ آئندہ سماعت سے پہلے گرفتار نہ ہوئے تو لکھ دینگے آپ اس عہدے کے قابل نہیں ،جسٹس فیصل عرب نے کہاکہ عدالت میں کیس کی فائل کیوں لائے، کیس کی ضمنی بھی نہیں لائے ۔
ڈی آئی جی نعیم شیخ نے کہاکہ کیس کی فائل متعلقہ تفتیشی کے پاس ہے ،دوران سماعت ایس ایس پی کے بات کرنے پر عدالت نے ڈانٹ پلا دی ۔
جسٹس فیصل عرب نے کہاکہ جب آپ کے سینئر موجود ہیں تو آپ کیوں بات کررہے ہیں ، آپ اسلام آباد تفریح کرنے آئے ہیں ،سپریم کورٹ نے ملزموں کو گرفتار کرنے کیلئے ایک ہفتے کی مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی ۔