گلین میکس اور ایلکس کیری کی دھواں دار بیٹنگ، انگلینڈ کو تیسرے ون ڈے میں شکست، سیریز 1-2 سے آسٹریلیا کے نام

گلین میکس اور ایلکس کیری کی دھواں دار بیٹنگ، انگلینڈ کو تیسرے ون ڈے میں شکست، ...
گلین میکس اور ایلکس کیری کی دھواں دار بیٹنگ، انگلینڈ کو تیسرے ون ڈے میں شکست، سیریز 1-2 سے آسٹریلیا کے نام

  

مانچسٹر (ڈیلی پاکستان آن لائن) آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں کینگروز نے گلین میکس ویل اور ایلکس کیری کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت انگلش ٹیم کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور جونی بیرسٹو کی عمدہ سنچری کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 302 رنز بنائے۔ جونی بیرسٹو نے 126 گیندوں پر 2 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 112 رنز بنائے جبکہ دیگر بلے بازوں میں این مورگن 23، جوز بٹلر 8، سیم بلنگز 57، کرس ووکس 53، ٹام کیورین 19 اور عادل راشد 11 رنز بنا سکے۔ 

آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زامپا سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 10 اوورز میں 51 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور فاسٹ باﺅلر مچل سٹارک نے بھی 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ پیٹ کومنز ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کرنے میں کامیاب ہو سکے۔ 

ہدف کے تعاقب میں کینگروز کا آغاز کچھ اچھا نہ رہا اور 21 کے مجموعی سکور پر کپتان ایرون فنچ 12 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئے جبکہ 31 کے مجموعی سکور پر مارکوس سٹوئنس بھی پویلین لوٹ گئے۔ مجموعی سکور میں 20 رنز کے اضافے کے بعد اوپنر ڈیوڈ وارنر بھی ہمت ہار بیٹھے اور 24 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئے۔ 

آسٹریلیا کی چوتھی وکٹ 55 کے مجموعی سکور پر گری اور مچل مارش بھی 2 رنز بنا کر چلتے بنے، 73 کے مجموعی سکور پر مارنوس لابوشین بھی آﺅٹ ہو گئے جس کے بعد گلین میکس ویل اور ایلکس کیری نے عمدہ اور ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 212 رنز جوڑ کر فتح کی بنیاد رکھ دی۔ 

گلین میکس ویل نے 90 گیندوں پر 7 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 108 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے جبکہ ایلکس کیری 114 گیندوں پر 2 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 106 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے جس کے بعد فاسٹ باﺅلر پیٹ کومنز نے 4 اور مچل مارش نے 11 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کر دیا۔ 

انگلینڈ کی جانب سے جو روٹ سب سے کامیاب باﺅلر ثابت ہوئے جنہوں نے 8 اوورز میں 46 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں اور کرس ووکس نے 10 اوورز میں 46 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا جبکہ جوفرا آرچر اور عادل راشد نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔ 

مزید :

کھیل -