”فی الحال آئی پی ایل میں پاکستانی کرکٹرزکی شرکت ممکن نہیں“ بھارتی لیگ کی اہم شخصیت دل کی بات زبان پر لے آئی

”فی الحال آئی پی ایل میں پاکستانی کرکٹرزکی شرکت ممکن نہیں“ بھارتی لیگ کی ...
”فی الحال آئی پی ایل میں پاکستانی کرکٹرزکی شرکت ممکن نہیں“ بھارتی لیگ کی اہم شخصیت دل کی بات زبان پر لے آئی
کیپشن:    سورس:   Twitter

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) گورننگ کونسل کے رکن سریندر کھنہ نے کہا ہے کہ فی الحال آئی پی ایل میں پاکستانی کرکٹرز کی شرکت ممکن نہیں البتہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بہتر ہونے ی صورت میں آئی پی ایل اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فائنلسٹ ٹیموں کے درمیان سیریز کی تجویز پر عملدرآمد ممکن ہو گا۔ 

تفصیلات کے مطابق سریندر کھنہ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ آئی پی ایل میں پاکستانی کرکٹرز کی شرکت دونوں ملکوں کے شائقین کیلئے بہت خوشی کی بات ہوگی لیکن ابھی ایسا ناممکن ہے کیونکہ ہمیں حکومتی ہدایات پر عمل کرنا ہو گا، بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی جیسے کرکٹرز ایونٹ میں بہترین اضافہ ہوسکتے ہیں۔ آئی پی ایل گورننگ کونسل کے رکن نے کہا کہ اگر دونوں ملکوں میں تعلقات اچھے ہوتے ہیں تو پھر آئی پی ایل اور پی ایس ایل کی فائنلسٹ ٹیموں کے درمیان سیریز کی تجویز پر عملدرآمد ممکن ہو گا، دنیا بھر میں شائقین پاکستان اور بھارت کے مقابلے دیکھنے کے خواہشمند ہیں، یقین ہے کہ دیر سے سہی لیکن مستقبل میں ضرور یہ میچز ممکن ہوپائیں گے۔

سریندر کھنہ نے بابر اعظم کو زبردست بیٹسمین قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں بھارت میں بھی بہت پسند کیا جاتا ہے کیونکہ وہ اور ویرات کوہلی دونوں اچھے سٹروک پلیئر ہیں،ان کی تکنیک بھی زبردست ہے، بھارتی کپتان مسلسل عمدہ بیٹنگ کررہے ہیں، اگر بابر بھی ان کی طرح تسلسل کے ساتھ پرفارم کرتے رہے تو اگلے برسوں میں میچور اور کامیاب ہوسکتے ہیں۔انگلینڈ کیخلاف حیدرعلی نے کمال اننگز کھیلی، اس میں ایک بڑا کرکٹر بننے کی اہلیت ہے، محمد رضوان کی وکٹ کیپنگ بھی اچھی ہے۔

مزید :

کھیل -