افغان کرکٹ لیگ میں ٹیم کا مالک کھلاڑی بن کر میدان میں اتر گیا، بڑی سزا بھی مل گئی

افغان کرکٹ لیگ میں ٹیم کا مالک کھلاڑی بن کر میدان میں اتر گیا، بڑی سزا بھی مل ...
افغان کرکٹ لیگ میں ٹیم کا مالک کھلاڑی بن کر میدان میں اتر گیا، بڑی سزا بھی مل گئی

  

کابل (ڈیلی پاکستان آن لائن) افغان کرکٹ لیگ میں ٹیم کا مالک کھلاڑی بن کر میدان میں اتر گیا جس کے باعث باقی سیزن کیلئے ان پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق فرنچائز کرکٹ میں پہلی بار ایک ٹیم مالک کے ہی کھلاڑی بن کر میدان میں اترنے کا واقعہ پیش آیا ہے، افغان ٹی 20 لیگ میں کابل ایگلز کے مالک کھلاڑی بن کر میدان میں اتر گئے جس کے باعث باقی سیزن کیلئے ان پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ 

40 سالہ عبدالطیف ایوبی سپین غر ٹائیگرز کے خلاف میچ کی پلیئنگ الیون میں شامل ہوگئے، ایک میڈیم فاسٹ باﺅلر کے طور پر انہوں نے اپنے واحد اوور میں 16 رنز دئیے تاہم ان کی ٹیم یہ میچ جیت گئی، ایوبی نے بیٹنگ نہیں کی مگر یہ معاملہ سامنے آنے پر ان پر باقی سیزن کیلئے پابندی عائد کردی گئی۔

ٹیم کا ممبر نہ ہونے کے باوجود انہوں نے اپنی سائیڈ کی مضبوط پوزیشن دیکھ کر ڈیبیو کی ٹھانی لیکن میدان میں غیرقانونی انٹری کی وجہ سے وہ منتظمین کی نظر میں آ گئے۔ صورتحال اس وقت اور بھی خراب ہوگئی جب ایوبی ایک کمنٹیٹر سے بھی الجھ بیٹھے جس کی وجہ سے انہیں ڈسپلنری کوڈ کی خلاف ورزی کا بھی مرتکب قرار دیتے ہوئے 30 ہزار افغان کرنسی جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ان کی ٹیم کابل ایگلز نے بعد ازاں فائنل میں مساینک نائٹس کو9 رنز سے مات دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

مزید :

کھیل -