جاوید آفریدی کو ستارہ امتیاز دینے کا معاملہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا

جاوید آفریدی کو ستارہ امتیاز دینے کا معاملہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا
جاوید آفریدی کو ستارہ امتیاز دینے کا معاملہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا
کیپشن:    سورس:   Twitter

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) سینیٹ نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی کو ستارہ امتیاز دینے کا معاملہ متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر مشاہد اللہ خان نے سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بہت سارے لوگ ایسے تھے جنہیں سمجھ میں نہیں آیا کہ انہیں کیوں ایوارڈ دیا گیا؟ جاوید آفریدی کو کرکٹ ٹیم کے مالک ہونے کی وجہ سے ایوارڈ دیا گیا یا چین سے بزنس لانے پر؟ اگرکرکٹ کی وجہ سے ایوراڈ دیا تو پھر لاہور قلندرز ،کراچی کنگز اور دیگر ٹیموں کو کیوں نہیں دیا؟

ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی ٹیم کو فوقیت حاصل ہے تو وہ لاہور قلندرز کو ہے کیونکہ ہارنے کے باوجود لاہور قلندرز نے کرکٹ کی خدمت کی اور بڑے کھلاڑی لاہور قلندرز سے ہی نکلے ہیں،کرکٹ کی خدمت کی بنیاد پر ایوارڈ دینا تھا تو لاہور قلندرز کو ملنا چاہیے تھا۔ن لیگی سینیٹر کا کہنا تھا کہ ہر جگہ آپ دوست کو نواز دیتے ہیں،کوئی پوشیدہ خدمت ضرور ہوتی ہے، یہ بہت زیادتی ہے، اس ایوارڈ پر ایوان کی طرف سے ناپسندیدگی کااظہار ہونا چاہیے، سینیٹ نے جاوید آفریدی کو ایوارڈ دینے کا معاملہ متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپردکردیا ہے۔

خیال رہے کہ 7 سمتبر کو ایوان صدر میں ہونے والی ایک تقریب میں صدر مملکت عارف علوی نے جاوید آفریدی کو ستارہ امتیاز کے ایوارڈ سے نوازا تھا۔ جاوید آفریدی نے ستارہ امتیاز ملنے پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے ستارہ امتیاز کی صورت میں میری عزت افزائی میری ہر اس کوشش اور جذبے میں اضافے کا باعث ہے جو میری زندگی کا مشن ہے۔ پاکستان کی خدمت اور ترقی کا عزم آج مزید توانا ہوا ہے، شکریہ پاکستان۔ 

مزید :

کھیل -