وزیراعظم نے بلوچستان میں 2بارڈر مارکیٹیں قائم کرنے کی منظوری دے دی

وزیراعظم نے بلوچستان میں 2بارڈر مارکیٹیں قائم کرنے کی منظوری دے دی
وزیراعظم نے بلوچستان میں 2بارڈر مارکیٹیں قائم کرنے کی منظوری دے دی

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیراعظم عمران خان نے بلوچستان میں2 بارڈرمارکیٹیں قائم کرنے کی منظوری دے دی۔وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ایک اجلاس ہو ا جس میں پاک افغان اورپاک ایران سرحدی علاقوں میں بارڈرمارکیٹس کے قیام پرغورکیا گیا۔ بریفنگ کے مطابق پاک افغان سرحدپر12 بارڈرمارکیٹوں کاقیام عمل میں لایاجائے گا۔ پاک ایران سرحدپر6 بارڈرمارکیٹوں کاقیام عمل میں لایا جائے گا۔ خیبرپختونخوامیں بھی ایک بارڈرمارکیٹ قائم کرنے کی منظوری دے دی گئی۔سرحدوں پراسمگلنگ کی روک تھام کیلئے مزیدموثراقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 

وزیراعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بارڈرمارکیٹوں کے قیام سے مقیم آبادی کوتجارت کاموقع ملے گا۔ نوجوانوں کوبھی روزگارکے بہترمواقع میسرآئیں گے۔انہوں نے کہا کہ سرحدوں پرباڑکی تنصیب کے بعدتجارت کومنظم کیاجاسکے گا اور اسمگلنگ کی روک تھام میں بھی مدد ملے گی۔ وزیراعظم عمران خان نے مارکیٹوں کی تعیناتی کا کام ترجیحی بنیادوں پر کرنے کی ہدایت بھی کر دی۔ 

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی شریک تھے۔ اجلاس میں وزیرخارجہ،مشیرخزانہ حفیظ شیخ،عبدالرزاق داود ، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا،وزیراعلیٰ بلوچستان ، معاون خصوصی عاصم سلیم باجوہ ودیگرسول اورعسکری افسران نے بھی شرکت کی۔

مزید :

قومی -