افغانستان کی صورتحال پر انسانی ہمدردی کے تحت کام کرنیکی ضرورت ہے: اسد قیصر
اسلام آباد (این این آئی)اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہاہے کہ پارلیمان کا کام صحیح معنی میں عوام کی نمائندگی کرنا ہے،عوامی مفاد کیلئے جہاں بھی قانون سازی کی ضرورت پڑے گی ہم کریں گے،فاٹا کے حوالے سے جو وعدے کیے گئے ان پر عمل در آمد کے حوالے سے پارلیمنٹ اپنا کردار ادا کر رہی ہے،ہمیں افغانستان کی موجودہ صورتحال پر انسانی ہمدردی کے تحت کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر نے موسمیاتی تبدیلی کمیٹی کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پارلیمان کا کام صحیح معنی میں عوام کی نمائندگی کرنا ہے،عوامی مفاد کیلئے جہاں بھی قانون سازی کی ضرورت پڑے گی ہم کریں گے۔ اسد قیصر نے کہاکہ زراعت کی کمیٹی میں کسانوں، سائنسدانوں اور ماہرین کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ اسد قیصر نے کہاکہ موجودہ اسمبلی نے اپنی مدت کے دوران اہم قانون سازی کی ہے،قومی اسمبلی سے ابتک 94 بل پاس ہو چکے ہیں۔ اسد قیصر نے کہاکہ پرائیویٹ ممبرز کے دو سو سے زائد بلز کمیٹیوں میں زیر غور ہیں،پرائیویٹ ممبرز کے سولہ بلز پاس ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ پارلیمنٹ نے محروم طبقات کے حوالے سے اہم اقدامات کیے،خصوصی افراد کے حوالے سے قانون سازی کر رہے ہیں،ہمیں افغانستان کی موجودہ صورتحال پر انسانی ہمدردی کے تحت کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ افغانستان کے لوگوں کو خوراک کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں،افغانستان کی صورتحال پر پارلیمنٹ کی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ فاٹا کے حوالے سے جو وعدے کیے گئے ان پر عمل در آمد کے حوالے سے پارلیمنٹ اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔
اسد قیصر