فول پروف سکیورٹی میں کورونا ٹیسٹ سے استثنیٰ لئے نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان آئی مگر کھیل نہ پائی 

فول پروف سکیورٹی میں کورونا ٹیسٹ سے استثنیٰ لئے نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان ...
فول پروف سکیورٹی میں کورونا ٹیسٹ سے استثنیٰ لئے نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان آئی مگر کھیل نہ پائی 

  

لاہور ( ویب ڈیسک ) نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم 18 سال بعد پاکستان پہنچی مگر میچ شروع ہونے سے کچھ دیر قبل سکیورٹی کا بہانہ بنا کر میدان میں نہ اتری اور یکطرفہ طور پر سیریز منسوخ کر دی ۔

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے کہا گیا کہ حکومت نیوزی لینڈ کی جانب سے سکیورٹی الرٹ جاری ہوا ، ٹیم کو واپس لانے کیلئے تیاری کر رہے ہیں ، کھلاڑیوں کی واپسی کیلئے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔

نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کی آمد پر پاکستان کی جانب فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے ، خود وزیر اعظم پاکستان نے نیوزی لینڈ کی ہم منصب جیسنڈا آرڈرن سے ٹیلیفون پر بہترین سکیورٹی انتظامات کی یقین دہانی کرائی تھی  ، وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم کو بتایا تھا کہ پاکستان کی سکیورٹی انٹیلی جنس ایجنسی دنیا کی بہترین ایجنسی ہے ، مہمان کرکٹ ٹیم ہر طرح سے محفوظ ہے ۔

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے تمام میچز پاکستان کے صوبے پنجاب کے شہروں راولپنڈی اور لاہور میں ہونا تھے جس کیلئے صوبائی کابینہ نے  آرمی اور رینجرز طلب کرنے کی منظوری دی  تھی ،  آرمی اور رینجرز کے دستے لاہور اور راولپنڈی تعینات کئے جانے تھے ۔  

11 ستمبر کو نیوزی لینڈ کی ٹیم چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچی ،پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کی جانب سے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو پاکستان آمد پر ائیرپورٹ پر کورونا ٹیسٹ سے استثنیٰ دیاگیا ،  مہمانوں کو استثنیٰ  پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کی درخواست پر خصوصی اجازت نامہ جاری کرتے ہوئے دیا گیا۔ اس کے بعد مہمان کھلاڑیوں کو قرنطینہ کی شرائط میں بھی رعایت دی گئی ، تمام کھلاڑیوں نے صرف ایک روز کا قرنطینہ کیا ۔ 

مہمان کھلاڑیوں کی حفاظت کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے شائقین کرکٹ کو ہدایت کی تھی کہ  جب وہ میچ دیکھنے کیلئے آئیں تو اپنی ٹکٹ کے ساتھ کورونا ویکسین کا سرٹیفکیٹ بھی لازمی لائیں جس کے بغیر سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی ۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم نے آخری مرتبہ پاکستان میں کرکٹ میچ سال 2003 میں کھیلا تھا ، اس وقت مہمان ٹیم نے پانچ ایک روزہ میچز پر مشتمل سیریز کھیلی تھی جس میں پاکستان نے کلین سویپ کیا تھا۔ 

مزید :

کھیل -