"ڈالر کے جلوے اور سوجی کے حلوے کے علاوہ مولانا کو کچھ نہیں سوجھتا"فیاض الحسن چوہان نے فضل الرحمان کی تعریف کرتے کرتے ایسی بات کہہ دی کہ آپ بھی مسکرا دیں 

"ڈالر کے جلوے اور سوجی کے حلوے کے علاوہ مولانا کو کچھ نہیں سوجھتا"فیاض الحسن ...

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر جیل خانہ جات و ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ اُنہیں مولانا فضل الرحمان کا کل کا بیان بڑا پسند آیا ہے،ڈالر کے جلوے اور سوجی کے حلوے کے علاوہ مولانا کو کچھ نہیں سوجھتا لیکن کل شاید بادام کھا کر اُنہوں نے اچھی بات کی کہ سات لوگوں سے تحریک عدم اعتماد لانے پر وہ لعنت بھیجتے ہیں۔

ریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ آج وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی کارکردگی عوام کے سامنے رکھ    رہا ہوں، پچھلے تین سالوں میں پنجاب میں زراعت کے شعبے میں بھرپور انداز میں ترقی ہوئی،کسانوں کو فصلوں کی مکمل قیمت مل رہی ہے،آج سے پہلے کسان خوشحال نہیں تھالیکن اب زرعی علاقوں میں کسان آپ کو خوشحال ملے گا،پاکستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ زرعی پالیسی لائی گئی ہےاوراس پرعملدرآمد شروع ہوگیا ہے، 146نئی منڈیوں کا قیام عمل میں لایاگیا ہے،ڈیڑھ ارب روپے کسانوں کے مسائل کے تدارک کیلئے مختص کئے گئے ہیں،کسان کارڈ متعارف کروایاگیا ہے جس کے ذریعے ڈائریکٹ کسان کے اکاؤنٹ میں جاتے ہیں،لاکھوں کسانوں کے ہاتھوں آج کسان کارڈ ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ وزیراعظم ایمرجنسی پروگرام کے تحت 300ارب روپے کے پراجیکٹ لگائے جا رہے ہیں،44ارب روپے میں بیج اور بلاسود قرضے فراہم کئے جا رہے ہیں،کسانوں کی آمدن میں تین ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔جدید ڈرپ اور سپرنکلنگ سسٹم پر 60فیصد سبسڈی دی جا رہی ہے، تین سالوں میں اربوں روپے جو آل شریف نے کسانوں کو پھنسایا ہوا تھا وہ کسانوں کو واپس دلوائے گئے ہیں، اب کسانوں کا ایک روپیہ کسی کے پاس پھنسا ہوا نہیں ہے،آج کاشتکار خوش ہے۔

انہوں نے کہاکہ پنجاب میں لیڈر سندھ سے آتا ہے اور دعویٰ کرتا ہے کہ بنی گالہ سے چیخیں نکلیں گی جبکہ چیخیں آپ کی نکل رہی ہیں،پیپلزپارٹی اور بلاول کا جنوبی پنجاب کا دورہ زیرو رہا ہے،جیب میں نہیں دھیلہ اور دیکھنے چلے ہیں میلہ۔فیاض الحسن چوہان نے کہاکہ کنٹونمنٹ الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف اچھا کھیلی ہے،219سیٹوں پر الیکشن ہوا جن میں سے 102سیٹیں تحریک انصاف نے جیتی ہیں کیونکہ 38آزاد امیدوار تحریک انصاف جائن کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ میں لاہور اور راولپنڈی کی پرفارمنس کو بہتر نہیں کہوں گالیکن لاہور میں رزلٹ پچھلی دفعہ سے بہتر ہے۔ترجمان پنجاب حکومت نے کہاکہ شہبازشریف اورحمزہ شہباز کے خلاف میاں جاوید لطیف کو استعمال کرتے ہوئے نوازشریف اور بیگم صفدر اعوان نے دراصل تنقید کی۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -