منہاج القران انٹرنیشنل سویڈن کی جانب سے شہادت امام حسین علیہ السلام کانفرنس کا انعقاد
سویڈن(حافظ محمد عمران) منہاج القران انٹرنیشنل سویڈن کی جانب سے منعقدہ شہادت امام حسین علیہ السلام کانفرنس میں جید علماءاکرام نے کہا ہمیں امام حسین علیہ السلام جیسے اسلام کے اصل ہیروز کو یورپ میں رہنے والی اپنی نسل کو روشناس کرانے کی ضرورت ہے۔ تفصیلات کے مطابق منہاج القرآن انٹرنیشنل سویڈن کے زیر اہتمام سویڈن کے دوسرے بڑے شہر گوتھن برگ میں شہادت امام حسین علیہ السلام کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ یہ کانفرنس اپنی نوعیت کی گوتھن برگ میں ایک بڑی کانفرنس تھی جس میں کثیر تعداد میں خواتین اور بچوں نے بھی شرکت کی۔ کانفرنس کا انعقاد اور قیادت سویڈن کے معروف ماہر قانون دان، وکیل شفقت کھٹانہ اور شیخ بابر شفیع نے کی۔ پروگرام میں نقابت کے فرائض علامہ اویس صاحب نے انجام دیئے۔
پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا اور سویڈن کے معروف نعت خواں شاہد سروراورسجاد قادری نے آقا دو جہاں سرور کائنات محمد مصطفی رحمت عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خدمت میں حدیہ عقیدت پیش کیا۔ کانفرنس میں علامہ ظفرعباس نے واقعہ کربلا پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہمیں اسلام کی سر بلندی کرنے والے امام حسین علیہ السلام جیسے اسلام کے اصل ہیروزکو اپنی نسل کو روشناس کرانے کی اشد ضرورت ہے۔ یورپ میں بسنے والے ہمارے بچے تب ہی اسلام کی تعلیمات اور اصل فکر کے قریب ہو سکتے ہیں جب انہیں اسلام کی اصل تاریخ کا پتہ ہو۔علماءاکرام نے مزید کہا کہ اسلام امن کا دین ہے اور دین حق کی سربلندی میں امام حسین علیہ السلام اور اہل بیت کی شہادت کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ کانفرنس میں منہاج القرآن مالمو کی قیادت عامرعلی جبکہ منہاج القرآن سٹاک ہوم کی قیادت کرتے ہوئے یاسین اعجاز میاں نے بھی شرکت کی۔ پروگرام کے اختتام پر منہاج القرآن انٹرنیشنل سویڈن کے جنرل سیکرٹری شیخ بابر شفیع اور وکیل شفقت کھٹانہ نے پاکستانی کمیونٹی گوتھن برگ کے قائدین چوہدری ذوالفقار، حاجی روف علی، نعمان شیر گڑھ، احمد فیاض وڑاچ، یاسر جھنڈو، ملک عثمان اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا جبکہ پاکستانی کمیونٹی گوتھن برگ کے قائدین نے منہاج القرآن انٹرنیشنل سویڈن سے بھرپورتعاون کا یقین دلایا۔