ایشیاء کپ کے فائنل میچ میں بھی بارش، میچ تاخیر سے شروع ہوا

Sep 17, 2023 | 02:44 PM

کولمبو (ڈیلی پاکستان آن لائن) ایشیاء کپ کا فائنل میچ بھی بارش کے سبب تاخیر کا شکار ہو گیا، گراؤنڈ کو کورز سے ڈھانپ دیا گیا تھا تاہم بعدازاں میچ شروع ہوگیا ۔

نجی ٹی وی" ایکسپریس نیوز"کے مطابق گراؤنڈ سٹاف نے پچ سمیت پلیئنگ فیلڈ کو کورز سے ڈھانپ دیا، پھر بارش رکی تو میچ شروع ہوگیا۔ کولمبو میں آج بارش کی پیش گوئی پہلے ہی کر دی گئی تھی، فورکاسٹ دیکھی جائے تو آج شام کے وقت موسلا دھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔ 

اگر آج بھارت اور سری لنکا کے درمیان ہونے والے فائنل میں بارش کی وجہ سے رکاوٹ پیدا ہوتی ہے تو امپائرز کی اولین ترجیح مختصر کھیل کرانا ہوگی، فائنل کا نتیجہ حاصل کرنے کے لیے کم از کم دونوں ٹیموں کو 20 اوورز کھیلنا ضروری ہیں تاہم اگر بارش نے اس کی بھی اجازت نہیں دی تو میچ 18 ستمبر بروز پیر کو ریزرو ڈے پر ہوگا، اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اگر ریزرو ڈے پر بھی میچ نہ ہوسکا پھر کیا ہوگا؟

پیر کو بھی کولمبو میں 69 فیصد بارش کا امکان ہے، لٰہذا اگر ریزرو ڈے کو منسوخ کیا جاتا ہے تو ٹرافی دونوں ٹیموں کے درمیان بانٹ دی جائے گی، یعنی رواں برس ایشیا ءکپ کی فاتح 2 مشترکہ ٹیمیں بھارت اور سری لنکا ہوں گی جو ایشیاء کپ میں پہلے کبھی نہیں ہوا۔

مزیدخبریں