سنوکر ورلڈ کپ،پاکستانی کیوئسٹ نے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کے اسجد اقبال اور اویس منیر نے فتوحات کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے منگولیا اسنوکر ورلڈ کپ کے پری کوارٹر راؤنڈ میں جگہ بنالی۔ اسجد اقبال نے آخری گروپ میچ میں عالمی چیمپئن قطرکے علی العبیدی کو ایک فریم کی قربانی دیکر 1-3 کی اپ سیٹ شکست دی۔
اویس منیرنے بھی ایرانی کیوئسٹ سیاش موزانی کو 1-3 سے قابو کرلیا
، ایونٹ کا ناک آوٹ مرحلہ منگل سے شروع ہوگا دوسری جانب پاکستانی کھلاڑیوں نے کامیابی پر خوشی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ اسی طرح کوارٹر فائنل مرحلے میں بھی عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کریں گے ملک کا نا م روشن کرنا چاہتے ہیں۔
پٹرولیم قیمتوں میں کمی کے باوجود مہنگائی برقرار، صارفین ریلیف سے محروم
لاہور،مانگا منڈی (لیڈی رپورٹر،نمائندہ خصوصی)پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود اشیا ء خردو نو ش کی قیمتوں میں کمی نہ ہو سکی، عوام ریلیف سے محروم دوسری جانب سرکاری ریٹ لسٹ میں 5 سبزیوں کے دام مزید بڑھا دیئے گئے۔اوپن مارکیٹ میں آلو 120 روپے، بھنڈی 140 روپے، شملہ مرچ 250 روپے فی کلو ہے، گاجر چائنہ 120 روپے اور گھیا کدو 100 روپے فی کلو تک بیچا جا رہا ہے، سرکاری نرخ نامہ میں چار پھل مزید مہنگے ہو گئے۔ اوپن مارکیٹ میں سیب 280 روپے، امرود 250 روپے فی کلو فروخت کئے جا رہے ہیں، آڑو 350 روپے اور کھجور ایرانی 550 روپے فی کلو تک دستیاب ہے۔ برائلر گوشت کی فی کلو سرکاری قیمت ایک روپیہ اضافے سے 595 روپے فی کلو ہو گئی، فارمی انڈے 306 روپے فی درجن ہیں۔دوسری جانب مانگا منڈی میں بھی مصنوعی مہنگائی نے صارفین کو پریشان کر رکھا ہے،ہر چیز مہنگی فروخت ہو رہی ہے۔ انجمن کریانہ مرچنٹ کے صدر آصف محمود رشید نے صحافیوں سے گفتگو کرتے کہا کہ ہر قسم کی دالیں اور مختلف قسم کی اشیا ء بے تحاشہ مہنگی ہو چکی ہیں، مجبوری کے ساتھ سودے مہنگے فروخت کر رہے ہیں۔صدرِ کریانہ مرچنٹ آصف محمود رشید نے موجودہ حکمرانوں سے اپیل کی کہ مہنگائی پر کنٹرول کرنے کے لئے تاجروں کے ساتھ مل کر پالیسی بنائیں۔صارفین نے وزیراعلیٰ سے مطالبہ کیا ہے کہ منافع خوروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مہنگائی کم کی جائے۔