پی ٹی آئی، کے پی حکومت کو کٹہرے میں لانے کا وقت قریب آچکا: بیرسٹر عقیل ملک
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ہمیشہ سے ٹی ٹی پی کو خوش کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، ہمیشہ دہشت گردوں کے مؤقف کی تائید کی، پی ٹی آئی اور کے پی حکومت کو کٹہرے میں لانے کا وقت قریب آ چکا ہے۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ دہشت گردی کی جنگ میں 90 ہزار پاکستانی شہید ہو گئے، آپ تحریک طالبان سے کیا بات کرنا چاہتے ہیں؟ ہر چیز کو سیاست کی نذر نہیں کرنا چاہئے، اب چیزیں کھل کر سامنے آ رہی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ سے ٹی ٹی پی اور ٹی ٹی اے کا مؤقف اپنانا ہوا تھا اور ہے، پی ٹی آئی نے اپنے دور میں 40ہزار لوگوں کو یہاں بسایا، پی ٹی آئی نے ہمیشہ ٹی ٹی پی اور دہشتگردوں کے مؤقف کی تائید کی، ان کی ترجیحات واضح نظر آرہی ہیں۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اور خیبرپختونخوا حکومت دہشتگردوں کے مؤقف کو گزشتہ 12سال سے اپنائے ہوئے ہے، پی ٹی آئی اورخیبرپختونخوا کو کٹہرے میں لانے کا وقت قریب آچکا ہے، جو کام اورپالیسی غلط ہوگی اس کو کال آؤٹ کرنا چاہئے۔
بیرسٹر عقیل ملک
