خیبرپختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ ہاﺅسنگ کے اجلاس کا انعقاد
پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ ہاﺅسنگ کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین جلال خان کی زیر صدارت صوبائی اسمبلی کے کانفرنس ہال پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی ممبران اور ارکین صوبائی اسمبلی زبیر خان، اکرام اللہ، بیری لال اور خدیجہ بی بی کے علاوہ سیکرٹری محکمہ ہاﺅسنگ، ڈی جی و ایڈیشنل ڈی جی خیبر پختونخوا پراونشل ہاﺅسنگ اتھارٹی، پراجیکٹ ڈائریکٹر ہاﺅسنگ فاﺅنڈیشن، پراجیکٹ ڈائریکٹر نیو پشاور ویلی اور دیگر متعلقہ افسران بھی شریک تھے۔ اجلاس میں جلوزئی ہاﺅسنگ سکیم نوشہرہ، سوڑی زئی ہاﺅسنگ سکیم پشاور، نیو پشاور ویلی، ہائی رائز فلیٹس حیات آباد پشاور، میگا سٹی ضلع نوشہرہ، خیبر پختونخوا جوئنٹ وینچر ریگولیشنز 2021، اقلیتی کوٹہ اور لینڈ شیئرنگ ریگولیشنز 2014 سے متعلق غور و خوض کیا گیا۔ کمیٹی ممبران نے محکمہ ہاﺅسنگ کی کوششوں و اقدمات کو سراہا۔ انہوں نے نئے قواعد و ضوابط کے مطابق پلاٹس مالکان کو وضع کردہ تعداد کے مطابق درخت لگانے کے پابند کرانے کے عمل کو بھی قابل تحسین قرار دیا۔ اس موقع پر چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے ہاﺅسنگ ایم پی اے جلال خان کا کہنا تھا کہ محکمہ ہاﺅسنگ کے زیر انتظام تعمیر شدہ اور زیر تعمیر متعدد ہاﺅسنگ سکیموں کا جائزہ لینے کے لیے وہاں کے دورے کریں گے۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ محکمہ کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
