افضل گورو کی پھانسی کے ذمہ دار بھارتی صدر ہیں‘ یاسین ملک

افضل گورو کی پھانسی کے ذمہ دار بھارتی صدر ہیں‘ یاسین ملک

  

سرینگر (اے پی پی) جموںو کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئر مین محمد یاسین ملک نے کہا ہے کہ محمد افضل گورو کی پھانسی کے ذمہ دار بھارتی صدر پرنب مکھر جی ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محمد یاسین ملک نے سرینگر میں ایک میڈیا انٹرویو میں کہا کہ محمد افضل گورو کی رحم کی اپیل مسترد کی گئی لیکن انہیں اس کے خلاف اپیل کرنے کا موقع ہی نہیں دیا گیا جو انصاف کا سرا سر قتل ہے۔ انہوںنے اعلان کیا کہ وہ عدالتوں کی طرف سے کشمیری نوجوانوں کودی جانے والی عمر قید کی سزاﺅں کے خلاف اورافضل گورو کی میت انکے لواحقین کے حوالے کرنے کے لیے 3 مئی کو نئی دلی کے علاقے جنتر منتر میں 48گھنٹے کی بھوک ہڑتال کریںگے۔ محمد یاسین ملک نے کہا کہ لریشن فرنٹ کی طرف سے 19اپریل بروز جمعہ کو سرینگر کے علاقے لالچوک میں احتجاجی مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ افضل گورو کی پھانسی کے بعد حریت رہنماﺅں اور کشمیر ی نوجوانوںکو ایک منصوبہ بند سازش کے تحت گرفتار کیا گیا، ان پر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کیا گیا اورکئی نوجوانوں کو قتل کیا گیا۔انہوںنے افسوس کا اظہار کیا کہ بھارتی سول سوسائٹی اور عالمی برادری نے کشمیری عوام کے قتل عام پرمجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔

یاسین ملک نے لوگوں سے اپیل کی کہ آزادی پسند جماعتوں کی طرف سے قائم کی گئی متحدہ مجلس مشاوت کے پروگراموں پر پوری طرح سے عمل در آمد کریں۔ انہوںنے کہا کہ بھارت نے تحریک آزادی کو دبانے کے لیے ہر حربہ استعمال کیا لیکن ناکام رہا ۔

مزید :

عالمی منظر -