شریف برادران ایک سو چالیس ارب روپے ناکام منصوبوں کے بجائے بجلی پر خرچ کرتے تو آج لوڈشیڈنگ نہ ہوتی
لاہور (پ ر) پاکستان مسلم لیگ (ق ) کے سینئر مرکزی رہنما اور قومی اسمبلی کے امیدوار چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف پنجاب میں اپنے 5 سالہ دور اقتدار کے دوران 140 ارب روپے مختلف ناکام سکیموں پر ضائع کرنے کی بجائے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر خرچ کرتے تو آج صوبہ میں لوڈشیڈنگ نہ ہوتی۔ وہ شاہ دولہ ٹاﺅن گجرات میں بہت بڑے اور پرجوش عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے ۔ چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ انہوں نے سستی شہرت کیلئے 70 ارب روپے لاہور میں جنگلہ بس کے 27 کلومیٹر کے منصوبہ میں جھونک دئیے جبکہ تندور، آشیانہ، کالی پیلی ٹیکسی، دانش اور دیگر ناکام سکیموں پر اربوں روپے خرچ کرنے کے باوجود عوام کو کوئی فائدہ نہیں پہنچا اور صوبہ معاشی طور پر بھی برباد ہو گیا۔ امن و امان برقرار رکھنے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے جو اقدامات کئے تھے نام نہاد خادم اعلیٰ کی حکومت نے انہیں آگے بڑھانے کی بجائے روک دیا جس کے باعث صوبہ میں امن و امان برباد اور جرائم میں 10 گنا اضافہ ہو گیا، ہم نے پنجاب میں بجلی پیدا کرنے کے جو منصوبے بنائے تھے انہیں بھی ٹھپ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ شریف برادران بجلی کی فراہمی میں اضافہ کیلئے چودھری شجاعت حسین فارمولہ ناکام نہ بناتے تو آج صرف تین گھنٹے بجلی بند کرنا پڑتی۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ن لیگ صرف انتقام اور جھوٹ کی سیاست کرتی ہے ہم نے گجرات، جہلم گوجرانوالہ، سیالکوٹ، منڈی بہاﺅ الدین وغیرہ کے عوام کیلئے 2 ارب روپے سے وزیرآباد میں جدید ترین کارڈیالوجی ہسپتال بنایا لیکن شریف برادران نے 5 سال تک وہاں ڈاکٹر اور آلات فراہم نہیں کئے اور ہسپتال چالو نہ ہونے سے دل کے ہزاروں مریض بروقت طبی امداد نہ ملنے سے جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جس کے ذمہ دار صرف اور صرف شریف برادران ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے پانچ سالوں تک عوام کے حق پر ڈاکہ ڈالا ہے، ن لیگ نے پنجاب کے عوام کیلئے کچھ نہیں کیا، میں ان سے پوچھتا ہوں کہ وہ کوئی ایک ایسا منصوبہ بتا دیں جو انہوں نے عوامی فلاح کیلئے کیا ہو، ہم نے عالیشان گجرات یونیورسٹی بھی بنائی، گڑھی احمد آباد گجرات میں گرلز کالج، ہائی سکول اور ہسپتال بنائیں گے۔ ہمارے دور کے 42 سکولوں کو شہباز شریف نے سٹاف نہیں دیا ہم آ کر انہیں چالو کریں گے۔
پرویز الہی