شمالی کوریا بارے تمام آپشن ٹیبل پر موجود ہیں، امریکی نائب صدر
سیول(اے پی پی) امریکا کے نائب صدر مائیک پینس نے کہا ہے کہ شمالی کوریا بارے تمام آپشن کھلے ہیں۔ شمالی کوریا کی طرف سے ناکام میزائل تجربے کے بعد دونوں کوریاؤں کے درمیان غیر فوجی علاقے کے دورے کے موقع پر انہوں نے کہا کہ امریکا نے ہمیشہ طاقت سے امن کی جستجو کی۔انہوں نے کہا کہ امریکا جنوبی کوریا کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور شمالی کوریا کے عوام اور فوج جنوبی کوریا اور اپنے دیگر اتحادیوں کے ساتھ کھڑے ہونے کے پختہ عزم بارے کسی غلط فہمی کا شکار نہ رہیں۔امریکا پر امن طریقوں اور بات چیت کے ذریعے سلامتی چاہتا ہے لیکن شمالی کوریا بارے تمام آپشن ٹیبل پر موجود ہیں۔قبل ازیں امریکی نائب صدر ایک ہیلی کاپٹر کے ذریعے دونوں کوریاؤں کے درمیان غیر فوجی علاقے سے محض چند میٹر کے فاصلے پر واقع امریکی قیادت میں اقوام متحدہ کی کمانڈ پوسٹ پر پہنچے تھے۔