شامی صدر دہشت گرد ہیں ، برطانوی وزیر خارجہ

شامی صدر دہشت گرد ہیں ، برطانوی وزیر خارجہ

  

لندن(این این آئی)برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن نے شامی صدر بشارالاسد کو دہشت گرد قرار دے دیا ہے اور کہا ہے کہ روس کو اب اس بات کا ادراک ہوجانا چاہیے کہ اس کا اتحادی فی الواقع ایک زہر ہے۔انھوں نے یہ بات برطانوی اخبار کو دیئے گئے ایک انٹرویومیں کہی ،انہوں نے کہاکہ بشارالاسد کے اتحادی ماسکو کے پاس اب بھی وقت ہے کہ وہ دلیل کی جانب ہوجائے۔ان کے بہ قول بشارالاسد نے کیمیائی ہتھیار اس لیے استعمال کیے ہیں کیونکہ وہ نہ صرف خوف ناک ہیں اور بلا امتیاز تباہی لاتے ہیں بلکہ وہ دہشت زدہ بھی کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس صورت میں تو وہ خود دہشت گرد ہیں۔وہ اس طرح انتقام کے پیاسے نظر آتے ہیں کہ انھیں شاید اپنے عوام پر دوبارہ حکومت کرنے کی امید نہیں ہوسکتی تھی۔تاہم ان کا کہنا تھا کہ کیمیائی حملے کے بعد شام کے بارے میں مغرب کا نقطہ نظر تبدیل ہوچکا ہے۔برطانیہ ،امریکا اور ہمارے تمام اتحادیوں کا نقطہ نظر ایک ہے اور اس بات کا قوی امکان ہے کہ بشارالاسد ہی نے اپنے عوام پر یہ حملہ کیا تھا اور ایسی زہریلی گیس کا استعمال کیا تھا جس پر ایک سو سال پہلے پابندی عاید کردی گئی تھی۔انہوں نے کہاکہ ہمیں سچ کا سامنا کرنا چاہیے۔ بشارالاسد روسیوں اور ایرانیوں کی مدد سے اقتدار سے چمٹے ہوئے ہیں اور ان کی مدد سے ہی انھوں نے تمام تر چیرہ دستیوں کے باوجود حلب پر دوبارہ قبضہ کر لیا ہے۔ انھیں (شامی عوام پر )اپنے مظالم پر کوئی پچھتاوا نہیں ہے۔انھوں نے بیشتر جنگ زدہ علاقوں پر دوبارہ قبضہ کر لیا ہے۔

مزید :

عالمی منظر -