پہلی ایف ایم سی سکواش پریمیئر لیگ پنجاب کمپلیکس میں شروع

پہلی ایف ایم سی سکواش پریمیئر لیگ پنجاب کمپلیکس میں شروع

  

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پنجاب سکواش ایسوسی ایشن کے تحت ہونیوالی پہلی ایف ایم سی سکواش پریمیئر لیگ پنجاب سکواش کمپلیکس میں شروع ہوگئی۔ اس موقع پر سیکرٹری پنجاب سکواش ایسوسی ایشن شیراز سلیم، خزانچی طارق صدیق ملک، محمد عمران خان، شعیب مسعود شیخ،شاہد اقبال اور سکواش کے کھلاڑیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ سیکرٹری شیراز سلیم کا کہنا تھا کہ پہلے دن بہت سخت مقابلے ہوئے ہر ٹیم نے دوسری ٹیم کو صرف 4-3 سے ہرایا مطلب صرف ایک میچ سے ٹیم جیتی۔ امید ہے کہ اگلے سات دن زندہ دلان لاہور کو بہترین مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ انڈر 11 سے انڈر 18 تک تمام کھلاڑی جان لڑا رہے ہیں اپنی اپنی کیٹیگری کا میچ جیتنے کیلئے جو سکواش کیلئے خوش آئند ہے۔ پہلے دن کی فاتح ٹیموں میں سروس سٹارز ، ٹریٹ فالکنز اورایف ایم سی سٹرائیکرز شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پہلے میچ میں ایف ایم سی سٹرائیکر نے میٹرکس ٹائیگرز کو 4-3 سے ہرایا، ایف ایم سی سٹرائیکرز کی طرف سے عاصم خان نے کاشف آصف ،عزیر رشید نے عبدالمغنی کو، عثمان علاؤ الدین نے عثمان ندیم کو اور کلیم اللہ نے احد شوکت کو ہرا کر اپنی ٹیم کو پہلی فتح دلوائی۔ دوسرے ٹیم ایونٹ میچ میں سروس سٹارز نے ڈائمنڈ پینٹس کو 4-3 سے ہرایا۔ سروس سٹارز کی طرف سے محمد احسن نے زوہیر شاہد کو اشعب عرفان نے مصطفی اصغر کو، میر فیاض نے اذلان خاور کو اور انس بخاری نے زوریز نعیم کو شکست دی۔ تیسرے میچ میں ٹریٹ فالکنز نے ٹرسٹ میورکس کو 4-3 سے ہرایا۔ ابتسام ریاض نے ابوبکر خان کو ، طیب رؤف نے جنید خان کو، خاقان ملک نے عبداللہ رشید کو اور حمزہ شوکت نے محمود محبوب کو ہرا دیا۔ آج بروز منگل صبح 11 بجے پہلا میچ ایف ایم سی سٹرائیکرز اور جی این سی نکس کے خلاف کھیلا جائے گا۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -