شہر بھر سے تھڑوں ، کھوکھوں اور شیڈز کا صفایا کیا جائے گا ، شہر یوں کو 7روز کی مہلت

شہر بھر سے تھڑوں ، کھوکھوں اور شیڈز کا صفایا کیا جائے گا ، شہر یوں کو 7روز کی ...

  

لاہور ( اپنے خبر نگار سے )لاہور ڈویلپمنٹ اتھار ٹی نے شہریوں کو رہائشی مکانوں اور کمرشل عمارتوں کی ہاؤس لائن سے باہر تعمیر کئے جانے والے ریمپ ‘ تھڑے ‘ شیڈ‘ باڑیں‘کھوکھے اور دیگر تجاوزات ایک ہفتے کے اندر اندر از خود مسمار کرنے کانوٹس دے دیا ہے ورنہ ایل ڈی اے ایکٹ 1975ء کی دفعہ33کے تحت انہیں کوئی مزید نوٹس دیئے بغیر مسمار کر دیا جائے گا اور مسماری کا خرچہ تجاوزات قائم کرنے والوں سے وصول کیا جائے گا،یل ڈی اے نے تجاوزات کے خاتمے ‘شہریوں کے چلنے پھرنے اور گاڑیوں کی آمدورفت میں حائل رکاوٹیں دور کرنے اور سرکاری اراضی کو ناجائز قابضین سے واگزار کروا نے کے لئے ایل ڈی اے اور پرائیوٹ سکیموں میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کلین اپ شروع کر نے کا فیصلہ کیا ہے جو تجاوزات کامکمل خاتمہ کر کے سڑکوں کو اصلی حالت اور وسعت کے مطابق بحال کرنے تک مسلسل جاری رکھا جائے گا ۔ اس آپریشن کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے خصوصی سکواڈ تشکیل دے دیا گیا ہے جس میں ایل ڈی اے کے تمام متعلقہ شعبوں کے ذمہ دار افسران اور ٹیکنیکل عملہ شامل ہے ۔تمام تجاوزکنندگان کو خبردار کیا جاتا ہے کہ وہ اپنی ملکیتی حدود سے باہر ناجائز طور پر کی جانے والی تمام تعمیرات بمشول ریمپ ، تھڑے،باڑیں‘ کھوکھے اور دیگر تجاوزات فوری طور پر ختم کردیں ورنہ ایل ڈی اے کسی مزید نوٹس کے بغیر یہ تجاوزات ہٹا دے گا ۔ شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ لاہور شہر کو صاف اور کشادہ رکھنے کے لئے اپنا فرض نبھائیں‘ تجاوزات اور دیگرغیر قانونی تعمیرات رضا کارانہ طورپر ختم کردیں۔تجاوزات کے خاتمے کے لئے ان کی نشاندہی کرنا بھی اس سلسلے میں شہر کی خدمت کی ایک صورت ہے ‘ چنانچہ اپنے گرد و نواح میں قائم تجاوزات کے بارے میں مفادعامہ کے پیش نظر ایل ڈی اے کو اطلاع دیں تاکہ ضروری کارروائی کرکے زیادہ سے زیادہ لوگوں کے لئے آمدورفت میں آسانیاں پیدا کی جا سکیں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -