سروسز ہسپتال میں پیرا میڈکس کی ہڑتال ، آپریشن تھیٹر کھلے رہے
لاہور(جنرل رپورٹر) پنجاب پیرامیڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کی سروسز ہسپتال میں اپنے مطالبات کی منظوری کیلئے کی گئی ہڑتال کے باوجود اسپتال میں ہر قسم کا کام جاری رہا ایم ایس ڈاکٹر محمد امیر کی بروقت اختیارکی گئی حکمت عملی کامیاب رہی۔ دن بھر تمام آپریشن تھیٹر کھلے رہے اور پہلے سے لسٹ پر رکھے گئے مریضوں کے کامیاب آپریش کئے گئے جبکہ اسپتال میں پیرا میڈیکل نے تھیٹروں میں معمول کے مطابق فرائض سر انجام دیے ۔ صبح سویرے ایم ایس نے اپنی ٹیم کے ہمراہ یونین راہنماؤں کے ساتھ مذاکرات کئے اور ان سے آپریشن تھیٹروں میں ہڑتال نہ کرنے کی اپیل کی ۔ قبل ازیں احتجاج کرنیوالے مظاہرین نے وزیراعلی پنجاب ، وزیر صحت اور سیکرٹری صحت سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے 600 سے زائد ڈیلی ویجزاورکنٹرکٹ ملازمین کوریگولرکیاجائے۔سروس سٹرکچرکانوٹیفکیشن بھی فی الفور جاری کیاجائے ۔ سیکرٹریٹ ملاز مین کی طرح ان کے گریڈ 1 سے گریڈ 16 کے ملازمین کو بھی 10 ہزار کارسک الاؤنس دیا جائے دینے کے ساتھ ساتھ انھیں ڈاکٹر اور نرس کی طرح پیکج دیا جائے۔صدر وائے ڈی اے ڈاکٹر عاطف نے احتجاجی کیمپ میں شرکت کرکے مظاہرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔چیئرمین پیرامیڈیکل سٹاف یوسف بلا نے کہا کہ ہمارے مطالبات کو فوراً منظور کیا جائے وزیراعلی پنجاب سے اپیل ہے کہ ہمارے سے کئے وعدوں کو وفا کریں۔مظاہرین نے کہا کہ اگر ہمارے مطالبات کو منظور نہ کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ کار کو پنجاب تک وسیع کر دیا جائے گا۔