ملک کے روشن مستقبل کیلئے طلبہ کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرناضروری ہے، ڈاکٹر ظفر معین

ملک کے روشن مستقبل کیلئے طلبہ کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرناضروری ہے، ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ایجوکیشن رپورٹر)وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے کہا ہے کہ ملک کے مستقبل کو روشن بنانے کے لئے طلباء وطالبات کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ضروری ہے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی ، ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان اور دی ایجوکیشنسٹ کے زیر اہتمام ادارہ تعلیم و تحقیق میں منعقدہ دی ایجوکیشنسٹ آل پاکستان ہم نصابی مقابلوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ پروفیسر ڈاکٹر رفاقت علی اکبر، پرنسپل پنجاب یونیورسٹی کالج آف انفارمیشن ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر سید منصور سرور، ایڈیٹر دی ایجوکیشنسٹ شبیر سرور، فیکلٹی ممبران اور پاکستان بھر کے مختلف سکولوں ، کالجوں اور یونیورسٹیوں سے آئے ہوئے طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
۔ چیمپئین شپ میں قرآت، ، نعت ، تقریر، تھیٹر، ڈرامہ، قومی ترانے ،شاعری اور مضمون نویسی کے مقابلے منعقد کئے جا رہے ہیں جس میں ملک بھر سے 500 سے زائد امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ طلباء و طالبات کی ہم نصابی سرگرمیوں کو پروان چڑھانے کے لئے تمام سہولیات اور مواقع فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کی تخلیقی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہئے تاکہ مستقبل میں وہ ملک کی باگ دوڑ سنبھال سکیں اور ملک کی خدمت کر کے قوم کا مستقبل روشن کر سکیں۔ انہوں نے مقابلوں کا بڑے پیمانے پر کامیابی سے انعقاد کرانے پر ایڈیٹر دی ایجوکیشنسٹ شبیر سرور کو مبارکباد دی۔ آل پاکستان ہم نصابی سرگرمیوں کے پہلے روز قرآت، نعت اور تقریری مقابلے منعقد ہوئے جن میں پاکستان بھر کے مختلف سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں سے 312 امیدواروں نے شرکت کی۔ یہ مقابلے 20 اپریل تک جاری رہیں گے جبکہ تقریب تقسیم انعامات 21 اپریل کو منعقد کی جائے گی۔