وزیر خزانہ کو ضمنی بجٹ منظورکرنیکا اختیار،درخواست پر جواب کیلئے مہلت
لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو ضمنی بجٹ کی منظوری کا اختیار دینے کے خلاف دا ئررخواست پر وفاقی حکومت کو جواب داخل کرانے کے لئے16مئی تک مہلت دے دی ہے ، عدالت نے غیرضروری متفرق درخواستیں دائر کرنے پر درخواست گزار محمود اختر نقوی کی سرزنش بھی کی۔جسٹس عاطر محمود نے محمود اختر نقوی کی درخواست پر سماعت شروع کی تو درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں فرد واحد کو پوری کابینہ کا اختیار نہیں دیا جا سکتا لیکن وفاقی کابینہ نے سوملین بجٹ کی منظوری کا اختیار اور سرکاری اداروں میں سربراہوں کی تقرری کا اختیار وفاقی وزیر کو دے دیا ہے ،وفاقی حکومت کا یہ اقدام کالعدم کیا جائے، دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ جب تمام نکات پر مرکزی درخواست زیر سماعت ہے تو پھر اسی تحریر کی بنیاد پر متفرق درخواست کیوں دائر کی گئی جس پر درخواست گزار نے وضاحت کی کہ انہوں نے مفاد عامہ میں یہ درخواست دائر کی ہے، عدالت نے درخواست گزار کی سرزنش کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ مفاد عامہ کی درخواستوں کا یہ مطلب نہیں کہ عدالتی وقت ضائع کیا جائے۔درخواست گزار کو وارننگ دی کہ آئندہ غیرضروری متفرق درخواستیں دائر کیں تو قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔