مسلم لیگ ن نے کرپشن اور لوٹ مار کو ترقی کا معیارسمجھ رکھا ہے: محمود الر شید

مسلم لیگ ن نے کرپشن اور لوٹ مار کو ترقی کا معیارسمجھ رکھا ہے: محمود الر شید

  

لاہور(نمائندہ خصوصی)پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الر شید نے وزیر اعظم کے بیان پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے ترقی کا معیار کرپشن اور لوٹ مار کو سمجھ رکھا ہے، خیبر پختونخوا حکومت ناکام نہیں‘ وفاق اور دیگر صوبوں کیلئے مثال بن گئی ہے، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اقتدار کی گنتی سے نکل گئی، آئندہ انتخابات میں خیبر پختونخوا تو دور کی بات پنجاب میں بھی حکومت بنانے کی پوزیشن میں نہیں ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ میاں محمود الر شید نے کہا کہ وزیر اعظم، پنجاب کے وزیر اعلیٰ اور پوری کابینہ‘صوبے کے سیکرٹریز کو خیبر پختونخوا کا دورہ کرائیں اور دونوں صوبوں کا ان کیمرہ تقابلی جائزہ لیکر فیصلہ عوام پر چھوڑ دیں۔ پنجاب حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے میاں محمود الر شید نے کہا کہ ملکی وسائل کا سب سے زیادہ خرچ کرنے والے صوبے میں عوام صاف پانی، تعلیم، صحت اور روزگار جیسی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں، صوبے میں18سے 20گھنٹے کی لوڈ شیڈ نگ نے عوام کی زندگی اجیرن اور کاروبار تباہ کر کے رکھ دیا ہے، میگا منصوبوں میں میگا کرپشن کی کہانیاں زبان زد عام ہیں، انکوائری سے قبل ہی ریکارڈ ضائع یا جلا دیا جاتا ہے، ایسی جمہوریت اور ترقی تو شریف برادران کو ہی مبارک ہو، میاں محمود الر شید نے مزید کہا کہ گمراہ کن بیانات دیکر وزیراعظم قوم کو دھوکہ نہیں دے سکتے، وقت اور حالات کتنی تیزی سے تبدیل ہو رہے ہیں اسکا اندازہ حکمرانوں کو آنے والے چند روز میں ہو جائیگا۔

محمود الر شید

مزید :

صفحہ آخر -