پنجاب یونیورسٹی ہنگامہ آرائی مزید 4 طلباء کے خلاف کارروائی
لاہور(ایجوکیشن رپورٹر) پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ نے 21 مارچ کو ہونے والی ہنگامہ آرائی میں ملوث طلباء کے خلاف کارروائی کے تیسرے مرحلے میں 4 مزید طلباء کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ پنجاب یونیورسٹی کے ترجمان خرم شہزاد کے مطابق یونیورسٹی انتظامیہ نے 4 طلباء کو معطل کرتے ہوئے انہیں چارج شیٹ جاری کر کے 7 روز میں جواب طلب کر لیا ہے۔ ان طلباء میں پنجاب یونیورسٹی لاء کالج کے محمد عثمان، ہیلی کالج آف کامرس کے بلا ل ظہور، انسٹی ٹیوٹ آف ایڈمنسٹریٹو سائنسز کے عامر مشتاق اور انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ کے راحت علی شامل ہیں۔ اپنے بیان میں ترجمان نے کہاہے کہ پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ کسی دباوٗ کے بغیر واقعہ میں ملوث طلباء کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کر رہی ہے۔ترجمان نے کہا کہ کسی طالب علم کے ساتھ جانبدارانہ رویہ نہیں اپنایا گیا اور شواہد کی بنیاد پر جن طلباء کی شناخت ہو چکی ہے ان کے ساتھ قانون کے مطابق نمٹا جارہا ہے۔
پنجاب یونیورسٹی