سی پی این ای کا سندھ میں رائٹ ٹو انفارمیشن قانون کے نفاذ پر اظہار مسرت

سی پی این ای کا سندھ میں رائٹ ٹو انفارمیشن قانون کے نفاذ پر اظہار مسرت

  

کراچی (آن لائن) کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے صدر ضیا شاہد، سیکریٹری جنرل اعجازالحق اور تمام عہدیداران و ممبران نے سندھ میں رائٹ ٹو انفارمیشن (RTI) کے قانون کے نفاذ پر اظہار مسرت کرتے ہوئے سندھ کے گورنر محمد زبیر، وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ اور اسپیکر آغا سراج خان درانی سمیت سندھ اسمبلی کے تمام ارکان کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ واضح رہے کہ سی پی این ای نے رائٹ ٹو انفارمیشن (RTI) کا قانون سندھ اسمبلی سے منظور کرانے کے لئے طویل اور مؤثر جدوجہد کی۔ اس سلسلے میں عوامی آگہی مہم کا انعقاد کیا جس کے دوران یونیورسٹیز میں طلباء و طالبات نیز پرنٹ میڈیا، ریڈیو اور ٹیلی ویژن پر معلوماتی پروگراموں ،سیمینار اور ورکشاپس کے ذریعے عوام میں شعور و آگہی پیدا کی۔ اس دوران مسودے کو قانونی شکل دینے کے تمام مراحل میں سندھ کی اہم سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں پیپلزپارٹی کے سینئر وزیر نثار احمد کھوڑو، متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے ڈاکٹر فاروق ستار اور خواجہ اظہار الحسن، مسلم لیگ (فنکشنل) کی مہتاب اکبر راشدی و دیگر کے ساتھ اجلاس کیئے اورعوامی، سیاسی ، سول سوسائٹی اور میڈیا کے تمام حصوں کی حمایت کے ساتھ وزیر اعلیٰ سندھ کو ایک خصوصی ملاقات کے دوران رائٹ ٹو انفارمیشن (RTI) بل کا مسودہ پیش کیاتھا جس کے بعد رائٹ ٹو انفارمیشن (RTI) بل سندھ اسمبلی میں تمام سیاسی جماعتوں کی تائید کے ساتھ متفقہ طور پر منظور کیا گیا اور وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے رائٹ ٹو انفارمیشن (RTI) قانون کے فوری نفاذ کے لئے گورنر سندھ کو دستخط کے لئے بھیجا۔بعدازاں سی پی این ای کے اعلیٰ سطحی وفد سے سندھ کے گورنر محمد زبیر نے خصوصی ملاقات میں رائٹ ٹو انفارمیشن (RTI) بل پر دستخط کر کے فوری نفاذ کی یقین دہانی کرائی تھی۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ رائٹ ٹو انفارمیشن (RTI) کا قانون شفافیت اور جوابدہی کے عمل کو آگے بڑھاتے ہوئے ایک بہتر معاشرے کی تشکیل میں مدد دیتا ہے تو دوسری جانب عوام کی نظام کاری میں شمولیت کو یقینی بناتا ہے۔ مہذب اور جمہوری معاشرے میں رائٹ ٹو انفارمیشن (RTI) کو بنیادی انسانی حق اور کرپشن کے خلاف مددگار سمجھا جاتا ہے۔ سی پی این ای کے صدر ضیا شاہد اور سیکریٹری جنرل اعجازالحق نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ سندھ حکومت انسانی بنیادی حق کی فراہمی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی اور اس سلسلے میں سی پی این ای کی جانب سے نیشنل نیٹ ورک فار آر ٹی آئی کی تشکیل ایک اہم قدم ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -