مئی 2017 ء میں00 36 میگاواٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل ہوگی ، احسن اقبال

مئی 2017 ء میں00 36 میگاواٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل ہوگی ، احسن اقبال

  

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی واصلاحات احسن اقبال نے کہاہے کہ مئی 2017 ء میں00 36 میگاواٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل ہوگی جبکہ مئی 2017 ء تامئی 2018ء نیشنل گریڈ میں 10ہزار میگاواٹ بجلی مرحلہ وارشامل کردی جائے گی، بھکی پاور پلانٹ 20 اپریل کو پیداوار شروع کر دے گا، 2025ء تک پاکستان کا شمار دنیا کی 25 بڑی معیشتوں میں ہو گا، پاکستان اسی رفتار سے ترقی کرتا رہا تو 2030ء تک پاکستان کا شمار دنیا کی 20 مضبوط معیشتوں میں ہو گا، مادی وسائل اور ذہنی سوچ کا درست استعمال ہی ہمیں ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتا ہے، موجودہ حکومت گزشتہ تین سالوں میں 10ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کا ریکارڈ قائم کررہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پلاننگ کمیشن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کو اقتصادی لانگ مارچ کی ضرورت ہے جس کیلئے ملک کی تمام سیاسی پارٹیوں کو حکومت کا ساتھ دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ 2013ء کے مقابلے میں 2017ء کا پاکستان بہتر ہے۔ امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے، بین الاقوامی سرمایہ کار پاکستان واپس آ رہے ہیں اور پاکستان میں سرمایہ لگا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا میں ایک ابھرتی ہوئی معیشت کے طور پر ابھر رہا ہے، جسے بین الاقوامی ادارے تسلیم کررہے ہیں۔ ناقدین ایسی افواہیں نہ پھیلائیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ سی پیک کے ذریعے ملک کی معدنی دولت کو بروئے کار لانے کی کوششیں جاری ہیں ، سی پیک کے تحت انرجی اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے بعد صنعتی تعاون کے مرحلے میں داخل ہوئے ہیں جس سے روزگار کے مواقع ملیں گے۔

مزید :

صفحہ آخر -