نواز لیگ، پی پی ‘ فضل الرحمان ایک دوسرے کی فوٹو کاپی ہیں :جہانگیر ترین‘علیم خان

نواز لیگ، پی پی ‘ فضل الرحمان ایک دوسرے کی فوٹو کاپی ہیں :جہانگیر ترین‘علیم ...

  

لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہانگیر خان ترین نے کہا ہے کہ نواز شریف کے تمام وعدے جھوٹے نکلے۔ ان کے دورے چمک دکھانے کیلئے ہیں‘ ہر جگہ اربوں روپے کا اعلان کرنے والے وزیر اعظم نے لودھراں کے اڑھائی ارب میں سے ایک روپیہ نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ" سٹیٹس کو "کا جلد خاتمہ ہونے والا ہے، سپریم کورٹ جب مرضی فیصلہ دے عوام کا فیصلہ آ چکا ہے۔ تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا کہ صرف گذشتہ 2برسوں میں لاہور میں 350ارب روپے کے منصوبے شروع کیے گئے جبکہ گذشتہ9برسوں میں لاہور کے لئے ایک بھی نیا سکول ، ہسپتال یا کالج نہیں بنایا گیا ان کے سارے منصوبے عوام کی نہیں حکمرانوں کی اپنی"خدمت"کیلئے ہیں کیونکہ ہر بڑے منصوبے میں40فیصد تک کمیشن کھایا جاتا ہے۔ جہانگیر خان ترین اور عبدالعلیم خان پی پی23چکوال کے ضمنی الیکشن کے اختتامی جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ لٹیرے حکمران اقتدار پر قابض رہے تو کبھی ترقی نہیں ہو سکے گی اور آنے والی نسلیں بھی مقروض ہوں گی البتہ پنجاب پر 30برسوں سے قابض شریف خاندان کے بنک اکاؤنٹس ضرور بڑھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج کونسی فیکٹری چل رہی ہے لیکن ہر ماہ لندن میں نئی جائیدادیں خرید رہے ہیں۔ تلہ گنگ چکوال کے علاقے ٹمن میں ہونیوالے اس جلسے سے خطاب کرتے ہوئے جہانگیر ترین اور عبدالعلیم خان نے کہا کہ عمران خان کی 20سالہ جدوجہد ثمر آور ہونے والی ہے اب تبدیلی کا راستہ کوئی نہیں روک سکتا۔ نواز لیگ، پیپلز پارٹی اور مولانا فضل الرحمان ایک دوسرے کی فوٹو کاپی ہیں اصل قربانیاں عوام نے دی ہیں اور اب عوام ان کرپٹ حکمرانوں سے نجات حاصل کر کے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ18اپریل کو چکوال کے ضمنی الیکشن میں کامیابی تحریک انصاف کی ہو گی اور عوام جھوٹے وعدے کرنے والوں کو بری طرح مسترد کر دیں گے۔ اس موقع پر تحریک انصاف شمالی پنجاب کے صدر عامر کیانی‘ پی پی23سے پی ٹی آئی کے امیدوار کرنل (ر) سلطان سرخرواور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا جبکہ پارٹی کارکنوں نے زبردست جوش و خروش کا مظاہرہ کیا اور ڈھول کی تھاپ پر والہانہ رقص کرتے رہے۔ پی ٹی آئی کے پرچم لپیٹے نوجوانوں کی ٹولیاں گو نواز گو اور کون بچائے گا پاکستان عمران خان کے نعرے لگاتی رہیں۔ پی ٹی آئی سنٹرل پنجاب کی ٹیم کے اراکین ایم پی اے شعیب صدیقی ،سابق صوبائی وزیر شوکت بھٹی ، پی ٹی آئی لاہور رورل کے صدر ظہیر عباس کھوکھر ، جنرل سیکرٹری اعجاز ڈیال ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات رانا ندیم ،سہیل ظفر چیمہ ،مہر واجد عظیم اور یامین ٹیپو بھی انتخابی مہم میں نمایاں رہے جبکہ کارکن رات گئے تک کنویسنگ میں حصہ لیتے رہے سابق ممبر اسمبلی فوزیہ بہرام بھی اس موقع پر موجود تھیں ۔

مزید :

صفحہ آخر -