بادامی باغ میں راوی روڈ کار رہائشی نوجوان قتل ، نعش خالی پلاٹ سے برآمد
لاہور( خبرنگار) بادامی باغ کے علاقہ میں نامعلوم افراد نے 21سالہ نوجوان کو قتل کر کے نعش ویرانے میں پھینک دی۔ نعش کو کتے نوچ رہے تھے کہ راہگیروں نے دیکھ کر پولیس اطلاع کر دی،جس نے نعش قبضہ میں لے کر مردہ خانہ میں جمع کروا دی ،نعش کی موجودگی پر علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیاہے۔ بتایا گیا ہے کہ راوی روڈ کا رہائشی عمران خاں عرف چندا گزشتہ رات آٹھ بجے گھر سے کسی کام کیلئے نکلا کہ رات گئے اسکی نعش بادامی باغ کے علاقہ میں خالی پلاٹ میں پائی گئی۔ پولیس نے اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچ کر دیکھا تو نوجوان کی نعش پر کتے کھڑے تھے اور نوچ رہے تھے۔ پولیس نے نعش قبضہ میں لے کر چیک کی تو اسکی جیب سے ایک کاغذ نکلا جس پراسکا نام عمران خاں عرف چندا اور راوی روڈ کا ایڈریس درج تھا۔ پولیس نے لواحقین کو اطلاع دی تو گھر میں کہرام برپا ہو گیا۔ لواحقین کے مطابق انکی کسی کیساتھ دشمنی نہیں ہے، جبکہ پولیس کا کہنا ہے واقعہ دیرینہ رنجش لگتا ہے ۔تفتیش جاری ہے جلد اصل حقائق سامنے آنے کی توقع ہے ۔
نوجوان قتل