پانامہ کیس کا فیصلہ اللہ پر چھوڑ دیا ہے، آرمی چیف نے الیکشن 2018ء شفاف بنانے میں مدد کی یقین دہانی کرائی ہے : عمران خان

پانامہ کیس کا فیصلہ اللہ پر چھوڑ دیا ہے، آرمی چیف نے الیکشن 2018ء شفاف بنانے ...

  

اسلام آباد ، پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)چیئرمین عمران خان کے زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں کرا چی ، لاہور ، اسلام آباد سے پارٹی قائدین نے شرکت کی۔ مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جاری کردہ خبر کے مطابق اجلاس میں ملکی مجموعی صورتحال اور پانامہ کے ممکنہ فیصلے کے خدوخال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیساتھ وفاقی حکومت کی جانب سے بلند وبانگ دعوؤ ں اور وعدوں کے باوجود بجلی کی لوڈشیڈنگ میں ناقابل برداشت اضافے کی شدید الفاظ میں مذمت کرنے سمیت بجلی کی غیر اعلانیہ و طویل بندش اور گردشی قرضوں کیخلاف ملک گیر تحریک چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں قائدین نے کراچی کے امن کو سیاست کی نذر کرنے اور رینجرز کے مستقبل کو سیاسی مک مکا کی بھینٹ چڑھانے کی کوششوں کو انتہائی تشویشناک قرار دیاجبکہ ا ر بوں کی منی لانڈرنگ اور وزیرداخلہ کی پریس کانفرنس کے مختلف پہلوؤں پر بھی تفصیلی غورکیا اور یہ طے کیا کہ نواز شریف کی موجود گی میں پاکستان سے منی لاندرنگ کا خاتمہ ناممکن ہے۔علاوہ ازیں ڈان لیکس کی تحقیقاتی رپورٹ منظر عام پر لانے کیلئے حکومت پر دباؤ بڑھانے کا بھی فیصلہ کیااور اس عزم کا اظہار کیا کہ تحریک انصاف ملکی سلامتی سے متعلق اس اہم معاملے کو سرد خانے کی نذر نہیں ہونے دے گی۔دریں اثناء نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے چیئر مین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا آرمی چیف سے درخواست کر کے ملاقات کی ، جنرل قمر جاوید باجوہ سے پہلے کبھی نہیں ملا تھا ، ایک گھنٹہ ملاقات جاری رہی جس میں فاٹا کے انضمام اور پاک افغان بارڈر اور جنرل راحیل شریف کے 39مسلم ممالک کے فوجی اتحاد کی سربراہی پر بات چیت کی ۔ آرمی چیف کو بتایا13ء جیسے انتخابات نہیں ہونے دیں گے، آرمی چیف نے 18ء کے الیکشن شفاف کرانے کیلئے مدد کی بھی یقین دھانی کرائی ۔ آرمی چیف جمہوریت کے حامی ہیں۔ پانامہ کیس کے فیصلہ کا انتظار ہے، چاہتے ہیں فیصلہ جلد آئے،تاہم فیصلہ اللہ پر چھوڑ دیا ہے۔ مردان واقعہ پر افسوس ہوا، مشال خان کا کوئی قصور نہیں، اے پی ایس واقعے کے بعد جیسے پوری قوم متحد ہو گئی، نیشنل ایکشن پلان بن گیا۔ مردان واقعے کے بعد بھی پورے ملک میں اتفاق رائے پیدا ہو گیاہے توہین مذہب کا جس پر الزام لگتا ہے اسے صفائی کا موقع دیا جانا چاہیے ۔ مشال خان کو موقع نہیں دیا گیا ۔ واقعے کی مکمل تحقیقات اور مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔ مشال خان کے اہل خانہ سے جلدتعزیت کیلئے جاؤں گا۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی نورا کشتی چل رہی ہے۔ زرداری اور نواز شریف کبھی ایک دوسرے کیخلاف نہیں ہوں گے۔ دونوں کا پیسہ ملک سے باہر ہے۔دونوں مشکل وقت میں ایک دوسرے کو ہمیشہ بچاتے ہیں۔ الیکشن کمیشن آزاد ہو گا تو شفاف الیکشن ہوں گے۔پاکستان کو تنہا کرنے کیلئے بھرپور سازشیں ہو رہی ہیں، ہمیں پاکستان کو تنہا ہونے سے بچانے کیلئے کام کرنا ہوگا ،ایک اور جاری کردہ خبر میں کہا گیا ہے کہ چین میں پختونخوا حکومت کا "روڈ شو" انتہائی کامیابی سے جاری ہے۔ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک سمیت سینئر وزراء اوربڑے پیمانے پر سرمایہ کار بھی روڈ شومیں شریک ہیں۔ چینی سرمایہ کاروں کوراغب کرنے کیلئے وزیراعلی پرویز خٹک 60رکنی وفدکے ہمراہ 105 ترقیاتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کی پیشکش کیساتھ چین گئے تھے۔ ترقیاتی منصوبوں میں صوبائی حکومت کے 78 جبکہ 27 نجی منصوبے شامل ہیں۔

پی ٹی آئی فیصلہ

مزید :

صفحہ اول -