20گھنٹے کی مسلسل لوڈشیڈنگ، فیکٹری مزدورں کا پارہ ہائی ، واپڈا کا اعلامتی جنازہ

20گھنٹے کی مسلسل لوڈشیڈنگ، فیکٹری مزدورں کا پارہ ہائی ، واپڈا کا اعلامتی ...

  

لاہور‘گوجرانوالہ‘حافظ آباد‘گجرات‘علی پور چٹھہ ‘ڈسکہ‘جلالپوربھٹیاں ‘شیخوپورہ‘ کھڈیاں خاص،پھولنگر ‘شاہ کوٹ،واربرٹن(بیورو /نمائندگان)ملک میں اپریل میں لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے تمام سابق ریکارڈ ٹوٹ گئے ۔گزشتہ روز بھی بدترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا اور شہری و کاروباری برادری غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر حکومت اور آئی پی پیز کو کو ستے رہے۔اس سے قبل ملک میں کبھی بھی اپریل کے ماہ میں اٹھارہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ نہیں ہوئی ۔ شہروں میں بھی لوڈ شیڈنگ کادورانیہ بڑھا کر پندرہ گھنٹے تک کر دیا گیا ہے ۔حافظ آباد میں بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے ستائے فیکٹری مزدوروں کا پارہ ہائی ہو گیا ۔مزدوروں نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے واپڈا کا علامتی جنازہ نکلا،جبکہ خواجہ سراؤں نے بھی ڈھول کی تھاپ اور اپنے مخصوص انداز میں واپڈا کے خلاف خوب احتجاج کیا‘ ا گر موجودہ صورتحال پر قابو نہ پایا گیا تو کسی بھی وقت ملک بھر میں کسی بھی وقت بڑے بریک ڈاؤن ہو سکتا ہے۔حافظ آباد کے علاقہ میاں دا کوٹ میں لیبر یونین کے صدر محمد زمان انصاری اور سر پرست مہر جمشید احمد کی قیادت میں مزدوروں نے احتجاج کرتے ہوئے واپڈا کا علامتی جنازہ نکلا اور خوب نعرہ بازی کی ،،،مزدوروں کے اس احتجاج میں خواجہ سراء بھی پیچھا نہ رہے اور ڈھول کی تھاپ پر اپنے مخصوص انداز میں واپڈا کے خلاف احتجاج کرتے رہے۔مزدور رہنماؤں کا کہنا تھا کہ لوڈ شیڈنگ سے فیکٹریوں کو تالے جبکہ مزدوربیروز گار ہو رہے ہیں ،۔ اہل علاقہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے کاروبار پر پڑنے والے اثرات کی وجہ سے شدید پریشان اور سراپا احتجاج ہے۔ علاوہ ازیں کسیسے روڈ پر لگنے والے سوموار بازار میں گرمی کی شدت کے باعث پنڈی بھٹیاں سے تعلق رکھنے والا دکاندار دم توڑ گیا۔گجرات میں گرمی کی لہر پڑتے ہی بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ نے ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے چار چار گھنٹے کی مسلسل بندش کا دورانیہ بیس گھنٹے تک پہنچ گیا پنکھا ‘ فرنیچر اور پارٹری سے وابستہ سینکڑوں چھوٹے بڑے کارخانے ‘ تجارتی مراکز ‘ شاپنگ پلازوں پر کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گیا۔ مرکزی انجمن تاجران حاجی ارشد محمود گروپ کے جنرل سیکرٹری ملک جاوید اختر اعوان نے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر تبصرہ کرتے ہوئے اسے تاجر برادری کا معاشی قتل قراردیتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری کو موجودہ صورتحال میں ناقابل تلافی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اگر صورتحال کا تدار ک نہ کیا گیا توراست اقدام پر مجبور ہو جائینگے انجمن تاجران سرکلر روڈ کے صدر احمر ثناء بٹ‘ انجمن تاجران پرانا لاری اڈا کے صدر محمد خالد بٹ‘ شہر گجرات کے معروف تاجران خادم حسین سلیمی‘ حافظ اسرار احمد باگڑی‘ انجمن تاجران محمدی بازار کے صدر شیخ عامر علی‘ سینئر نائب صدر عبداللہ اقبال بٹ‘ سرکلر روڈ ٹریڈ یونین کے معروف تاجر رہنما عتیق الرشید بٹ‘ منصور اختر‘ محبوب اختر سمیت دیگر تاجر رہنماؤں نے بجلی کی غیر اعلانیہ بندش پر غم وغصہ کا اظہار کیا ہے ۔ علی پور چٹھہ اور گر دنواح میں لو ڈ شیڈ نگ کا سلسلہ 18گھنٹے تک دراز ہو گیا ،بجلی کئی گھنٹوں کے بعد آتی ہے اور چند منٹوں کے بعد غا ئب ،اس صورتحال میں کا روبا ر زندگی ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے۔ انجمن تاجران کے صدر عبدالکریم چوہدری ،کریانہ ایسوسی ایشن کے صدر محمد عمران ،کریانہ ایسوسی ایشن کے صدر محمد عمران ،جماعت اسلامی یوتھ ونگ کے صدر ارشاد حسنین ہاشمی سمیت دیگر سیاسی وسماجی حلقوں کی جانب سے اس صورتحال پر شدید بر ہمی کا اظہار کیا گیا۔ڈسکہ سے آمدہ اطلاعات کے مطابق شہری علاقوں میں 12سے14گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 18سے 20گھنٹے بجلی بند رکھی جاتی ہے واپڈا والوں نے ہر ایک گھنٹہ کے بعد 3گھنٹے بجلی بند رکھنا معمول بنا رکھا ہے جس سے کاروبار زندگی معطل ہو کر رہ گئی ہے ‘جبکہ ہر گھر سے مچھروں کے کاٹنے سے ننھے منے بچوں کی چیخوں کی آوازیں سنائی دیتی رہتی ہیں تنگ مکانوں اور گنجان آبادیوں میں طویل دورانیہ کی لوڈ شیڈنگ سے گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ شیخوپورہ میں لوڈشیڈنگ کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے ، 24 گھنٹوں کے درمیان فقط 4گھنٹے بجلی میسر رہی جس دوران بھی بار بار بجلی کی ٹرپنگ کا سلسلہ جاری رہا جس کے باعث متعد د شہریوں کی گھریلو اور کمرشل استعمال کی اشیاء الیکٹرونکس جل گئیں جبکہ بجلی کی بندش کے باعث حبس سے متاثرہ 300سے زائد افراد کو مقامی ہسپتالوں میں منتقل کرنا پڑا جن میں زیادہ تعداد بچوں اور معمر افراد کی تھی جبکہ ان میں سے 7بچوں اورایک معمر شخص کی حالت نازک بیان کی جارہی ہے ،علاوہ ازیں کھڈیاں خاص،پھولنگر‘شاہ کوٹ،واربرٹن میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ شروع ہو گئی ہے۔کئی کئی گھنٹے بجلی غیراعلانیہ طورپربندرکھی جاتی ہے۔جسکا دورانیہ 18گھنٹے سے بھی تجاوزکرگیاہے۔دریں اثناء تحریک انصاف کے مقامی رہنماء راؤ تنویر فقیرمحمد نے کہا کہ زندگی کی بنیادی سہولتیں گیس ،بجلی ،پانی،صحت اور صفائی کی ناقص صورتحال چیخ چیخ کر حکمرانوں کی نااہلی اور کرپشن کا رونا رورہی ہے مگر عوام کے درد اور مشکلات سے ناآشنا موٹو گینگ چین کی بانسری بجارہاہے۔شاہ کوٹ میں بھی گزشتہ رات سے بجلی کی بار بار اور غیر اعلانیہ بندش کا طویل سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے شہریوں بالخصوص شیر خوار بچوں معمر افراد اور خواتین کے علاوہ تاجر برادری کو شدید مسائل کا سامنا ہے ۔ شہر کی مرکزی انجمن تاجران انجمن شہریاں شاہ کوٹ العزیز ویلفےئر سوسائٹی منہاج القرآن فاؤنڈیشن مغل ویلفےئر سوسائٹی پاکستان تحریک انصاف کے علاوہ دیگر متعدد تنطیموں نے واپڈا حکام کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جلد از جلد صورتحلا پر قابو پایا جائے ۔بصورت دیگر ہم شہر کی دوکانیں بند کرکے مین جی ٹی روڈٖ بلاک کر دین گے اور واپڈا دفاتر کا گھیرواؤ کریں گے ۔ملک بھر میں ہونے والی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کیخلاف پاکستان تحریک انصاف پی پی 173کے سیاسی رہنما ونائب صدر یوتھ ونگ پنجاب چوہدری نوشیر مان کی میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔چوہدری نوشیر مان نے احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو بجلی کی بنیادی سہولت میسر نہیں ہے کراچی میں عوام پانی کی بوند کو ترس رہے ہیں اور ملک بھر میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور آئے روز بجلی کے نرخوں میں اضافہ کر کے غریب عوام کو خودکشیوں پر مجبور کیا جارہا ہے۔

لوڈ شیڈنگ

مزید :

صفحہ اول -