میوزکل کیریئر کیلئے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دیا جائے گا
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کی معروف گلوکارہ ٹینا ثانی اس سال کے لکس اسٹائل ایوارڈز میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کریں گی۔لکس اسٹائل ایوارڈز میں اس سال ٹینا ثانی کو ان کے بہترین میوزکل کیریئر کے لیے لائف ٹائم اچیومنٹ کا ایوارڈ دیا جائے گا۔غزل گائیگی کی ماہر ٹینا ثانی فیض کی شاعری پر غزلیں گانے سے مشہور ہیں، انہوں نے نظام الدین خان، چاند امروہی اور مہدی حسن سے ٹریننگ حاصل کی، اور پاکستان کی میوزک انڈسٹری پر اپنا گہرا اثر چھوڑا۔ڈان سے بات کرتے ہوئے ٹینا ثانی کا کہنا تھا کہ وہ اس ایوارڈ کو حاصل کرنے پر بیحد خوش ہیں۔انہوں نے کہا ’میرے لیے یہ بیحد فخر کی بات ہے، جب بھی ایسا کوئی ایوارڈ ملتا میں یہی سوچتی ہوں کہ میں زندگی میں اب اس مقام پر آگئی ہوں جہاں میں اور بہت کچھ بھی کرنا چاہتی ہوں‘۔انہوں نے اس بات کا بھی ارادہ کرلیا ہے کہ وہ ایوارڈ قبول کرتے ہوئے اپنی تقریر میں کیا کہیں گی۔ٹینا ثانی نے کہا ’اگر مجھے موقع ملا تو میں انڈسٹری کے نوجوانوں کو سراہوں گی، مجھے نہیں لگتا میں اپنے بارے میں کچھ کہوں گی‘۔انہوں نے مزید کہا کہ ’میں انہیں بتاؤں گی کہ میں نے صرف اپنے دل کی سنی اور 37 سالوں سے میں یہی کررہی ہوں، مجھے کبھی اس بات سے فرق نہیں پڑا کہ کیا فیشن چل رہا ہے، میں نے صرف وہی کیا جو میرے دل نے کہا ‘۔