بھارت کو کلبھوشن تک رسائی دینے کے پابند نہیں،ترجمان دفتر خارجہ

بھارت کو کلبھوشن تک رسائی دینے کے پابند نہیں،ترجمان دفتر خارجہ

  

اسلام آباد(اے این این) دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے واضح کیا ہے کہ پاکستان ویانہ کنونشن اور بھارت کیساتھ کسی بھی معاہدے کے تحت کلبھوشن تک رسائی دینے کا پابند نہیں ،جاسوس تک قونصل رسائی دینے کی بھارتی درخواست مسترد کر دی گئی ہے ، پاکستان نے بھارتی جیلوں میں قید ساٹھ سے زیادہ پاکستانی شہریوں تک رسائی کیلئے متعدد مرتبہ کوشش کی مگر بھارت نے ہمیشہ انکار کیا ۔نجی ٹی وی سے گفتگو میں ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا پاکستان افغانستان کی قیادت میں مذاکراتی عمل کی حمایت کرتا ہے اور افغانستان میں فریقوں کوچاہیے کہ اپنے مسائل کے حل کیلئے یکجہتی کامظاہرہ کریں۔بھارت کی جانب سے اسکے جاسوس کلبھوشن یادیو تک رسائی کی درخواست مستردکردی گئی ہے کیونکہ وہ پاکستان میں جاسوسی اور دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث ہے جبکہ پاکستان ویانا کنونشن اور پاک بھارت کے درمیان کسی معاہدے کے تحت ایسی رسائی کی فراہمی کا پابند نہیں ۔کلبھوشن نے دہشت گردوں کی مالی معاونت اور کراچی وبلوچستان میں دہشت گردانہ کارروائیوں کے ذریعے پاکستان کو غیرمستحکم کرنے میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے ۔انہوں نے اقوام متحدہ اور بین الاقوامی برادری سے اپیل کی کہ وہ مسئلہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق پائیدار حل کیلئے بھارت پردباؤ ڈالے۔

مزید :

صفحہ اول -