پی پی ، پی ٹی آئی حکومتوں کی کارکردگی زیرو، پانی و بجلی مسائل حل کر کے دم لینگے : وزیر اعظم

پی پی ، پی ٹی آئی حکومتوں کی کارکردگی زیرو، پانی و بجلی مسائل حل کر کے دم ...

  

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) خیبرپختونخوا کی سیاسی صورتحال پر غور کیلئے وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کا اہم اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا،جس میں صوبہ کے پی کے کی ن لیگی قیادت نے بھی شرکت کی ، اس موقع پر سربراہ مسلم لیگ ن ، وزیر اعظم نواز شریف نے پانی اور بجلی کے مسائل حل کرنے کے عزم کا اظہار کیا جبکہ پی پی پی اور پی ٹی آئی کی حکومتوں پر تنقید کی ،انکا کہناتھا پیپلز پارٹی کے دور میں کوئی ترقی نہیں ہوئی،کے پی حکومت بھی کارکردگی نہ دکھا سکی۔انہوں نے طالبعلم مشال خان کے قتل پر افسوس کا اظہار کیااورکہا بھٹوکے بعد پیپلزپارٹی نے کوئی قابل فخر کارنامہ سرانجام نہیں دیا، ن لیگ کو تھوڑا ٹائم ملا، لیکن پھر بھی کارکردگی دکھائی،ہم ملک بھر میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھا رہے ہیں۔انہوں نے عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ عنقریب ملک میں بڑے ڈیموں اور بجلی کے بڑے منصوبوں کا افتتاح کیا جائیگا،پانی اور بجلی کے مسائل ہمیشہ کیلئے حل کرکے دم لیں گے اورعوام کی توقعات پر پورا اتریں گے۔وزیراعظم نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کی کارکردگی کے باعث وہاں کے عوام آئندہ الیکشن میں ن لیگ ووٹ دیں گے۔وزیراعظم نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد انجینئر امیر مقام کو مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا کا صدر اور مرتضی جاوید عباسی کو جنرل سیکرٹری مقرر کردیا ۔وزیراعظم نواز شریف اور لیگی رہنماؤں نے اِس موقع پر سابق صدر مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا پیر صابر شاہ اور سابق جنرل سیکرٹری رحمت سلام خٹک کی پارٹی کیلئے خدمات ، نظریاتی وابستگی اور کاوشوں کوزبردست خراج تحسین پیش کیا ۔ وزیراعظم نے اِس موقع پر امید ظاہر کی کہ نئے مقرر کردہ عہدیدارپارٹی کو خیبر پختونخوا میں مزید فعال اور مضبوط کرنے کی غرض سے تمام تر صلاحتیں بروئے کار لائیں گے ۔آخر میں مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا کے سابق جنرل سیکرٹری رحمت سلام خٹک کی والدہ مرحومہ جو حال ہی میں وفات پا گئی تھیں کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی ۔اجلاس میں راجہ ظفر الحق ، اقبال ظفر جھگڑا ، خواجہ سعد رفیق ، انجینئر امیر مقام ، مرتضی جاوید عباسی ، سردار مہتاب احمد خان عباسی ، ڈاکٹر آصف کرمانی ، سرانجام خان ، سینیٹر نزہت صادق ، سینیٹر بیگم نجمہ حمید ، سینیٹر پرویز رشید محترمہ مریم نواز شریف ، کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر ، پیر صابر شاہ ، جعفر اقبال ، بیگم عشرت اشرف ، صدیق الفاروق ، رحمت سلام خٹک ، میاں راشد علی شاہ اور شیر زمان ٹکرنے شرکت کی ۔

وزیر اعظم

مزید :

صفحہ اول -