مسئلہ کشمیر پھر زندہ ہو گیاامریکہ نے خطے میں طاقت کا توازن بگاڑ دیا:پاکستان

مسئلہ کشمیر پھر زندہ ہو گیاامریکہ نے خطے میں طاقت کا توازن بگاڑ دیا:پاکستان

  

نیویارک(آن لائن) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا واحد حل مذاکرات ہی ہیں۔امریکہ نے پورے خطے میں طاقت کا توازن بگاڑ دیا ہے۔نیو یارک میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیرایک مرتبہ پھر زندہ ہو گیا ہے، مسئلے کے حل کے لئے دونوں ممالک کو مذاکرات کرنا ہوں گے۔ تنازع کشمیر اس وقت علاقائی امن و سلامتی کے لئے اہم خطرہ ہے۔ پاکستان اور بھارت میں کشمیر کے مسئلے پر امریکہ کی نمایاں حیثیت ہے لیکن حالیہ برسوں میں ہم نے محسوس کیا ہے کہ امر یکہ اور جنوبی ایشیا میں توازن کا فقدان ہے، خطے کے لئے امتیازی جوہری پالیسی تھی بش انتظامیہ کی جانب سے بھارت کے ساتھ سول جوہری معاہدے سے خطے میں طاقت کا توازن بگڑ گیا ہے۔ کشمیر کی صورت حال بڑی سنگین ہے، اس سے علاقائی سلامتی کو خطرات لاحق ہیں۔ پاکستان چاہتا ہے کہ امریکہ صرف دونوں ممالک کے درمیان لگی آگب جھانے کے لیے آگے نہ آئے بلکہ اپنا کردار ادا کرتے ہوئے کسی بھی قسم کے تنازع کو بھڑکنے سے بھی روکے، رہنمائی کا یہ کردار امریکہ ادا کرسکتا ہے۔ پاکستان سمجھتا ہے کہ امریکہ نے ماضی میں جنوبی ایشیا میں تعلقات میں توازن برقرار نہیں رکھا۔ قبل ازیں ایک انٹرویو میں ملیحہ لودھی نے پاک چین اقتصادی راہداری کو پاکستان کی خارجہ پالیسی کا کلیدی نکتہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم نہ صرف لوگوں کو بلکہ دلوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کے علاقائی روابط یقینی بنائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ علاقائی روابط کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ تمام لوگ معاشی تعاون اور تجارتی تعلقات سے مستفید ہوں۔ پاکستان نے چین کے ساتھ اپنے تعلقات کا ہمیشہ خیرمقدم کیا ہے، چین کے صدر شی جن پنگ بھی کہہ چکے ہیں کہ دونوں ملک ایک دوسرے کے مضبوط بھائی ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف اور پاکستان کے عوام دونوں اس بات پریقین رکھتے ہیں کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری تقدیر بدلنے کا منصوبہ ہے جب کہ چین کے صدر شی جن پنگ کا ایک پٹی ایک شاہراہ کا تصور پورے خطے کے لئے سود مند ثابت ہو گا۔ ہمیں افغانستان میں قیام امن کے لیے مذاکرات کرنا ہوں گے۔ اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری کا بھی یہی مطالبہ ہے۔ امریکہ اس بارے میں تعاون کا یقین دلاچکا ہے لیکن صرف یہی بات کافی نہیں ہے ، اسے یہ مقاصد حاصل کرنے کے لیے سرگرمی دکھانا ہوگی۔

ملیحہ لودھی

مزید :

کراچی صفحہ اول -