معاشی خوشحالی سے غیر یقینی صورتحال کا خاتمہ ہو گیا ہے :گورنر سندھ

معاشی خوشحالی سے غیر یقینی صورتحال کا خاتمہ ہو گیا ہے :گورنر سندھ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ صنعت کار و تاجر کسی بھی ریاست کی ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہوتے ہیں ، معاشی تبدیلیوں میں ان کا براہ راست تعلق ہوتا ہے ، صنعت کار و تاجر وں کے تعاون کے بغیر معاشی خوشحالی کے اہداف کا حصول ممکن نہیں جبکہ ترقی معیشت کے استحکام سے وابستہ ہو تی ہے ، حکومت صنعت کاروں اور تاجروں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے ،مسائل کے حل کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں معاشی ، اقتصادی ،سرمایہ کاری اور اسٹاک ایکس چینج سمیت ہر شعبہ میں خوش گوار تبدیلی واضح دیکھی جارہی ہے ،معاشی مثبت اشاریئے کے باعث ہی بے یقینی کا خاتمہ ہو چکاہے ،یہ حکومت کی بہت بڑی کامیابی ہے، 2013 ء میں معیشت زوال کا شکار تھی لیکن آج نہ صرف مستحکم ہو چکی ہے بلکہ بہتری کی جانب بھی گامزن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج کا پاکستان 2013 ء کے پاکستان سے بالکل مختلف اور درست سمت رواں دواں ہے ، تاجر برادری ملکی خوشحالی میں کلیدی کردار ادا کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خوشحال صنعت کار و تاجر مضبوط معیشت کی ضمانت ہے ،حکومت ایوان صنعت و تجارت کراچی کی اہمیت سے آگاہ ہے ہر ممکن مدد اور تعاون فراہم کرینگے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان صنعت و تجارت کراچی میں اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب میں کیا ۔ اس موقع پر بزنس مین گروپ کے سربراہ سراج قاسم تیلی ، کراچی چیمبر آف کا مرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر شمیم فرپو ، معروف صنعت کار ہارون فاروقی ، زبیر موتی والاسمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ 2013 ء کے مقابلہ میں آج پاکستان میں معاشی میدان اور دیگر شعبوں میں مثبت تبدیلی نظر آرہی ہے آج کا پاکستان 2013 ء کے پاکستان سے بہت آگے چلا گیا ہے ،اب مثبت چیزوں کو اجاگر کرنے کا وقت آگیا ہے ، 16 ہزار پوائنٹس رکھنے والی اسٹاک ایکس چینج آج 50 ہزار پوائنٹس کے قریب پہنچ چکی ہے ، سی پیک کا حجم 62 ارب ڈالرز سے بھی تجاوز کرچکا ہے جس میں 34 ارب ڈالرز توانائی کے منصوبوں پر خرچ کئے جائیں گے ، غیر ملکی سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہو رہا ہے ہر طرف سے معاشی مثبت اشاریئے مل رہے ہیں ، ملک سے غیر یقینی کیفیت کا خاتمہ ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ایوان صنعت و تجارت کراچی کو بہت اہمیت دیتی ہے ، وزیر اعظم کی جانب سے معاشی اصلاحات کمیٹی میں بھی کراچی چیمبر کو نمائندگی دی گئی جس سے وزیر اعظم کی نظر میں اس ادارہ کی اہمیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے ۔ استقبالیہ سے خطاب میں ایوان صنعت و تجارت کراچی کے صدر شمیم فرپو نے کہا کہ کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے براہ راست اراکین کی تعدا د 23 ہزار ہے جبکہ باالواسطہ اراکین ملانے سے یہ تعداد 55 ہزار تک پہنچ چکی ہے ، ایوان صنعت و تجارت کراچی پاکستان کا سب سے بڑا اور ایشیاء کا 8 واں بڑا تجارتی چیمبر ہے، کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کی قیادت گزشتہ 20 برس سے بزنس مین گروپ کے پاس ہے جس میں گذشتہ 10 برس سے بزنس مین گروپ بلا مقابلہ ہی منتخب ہو رہا ہے ۔ بزنس مین گروپ کے سراج قاسم تیلی نے گورنر سندھ کو صنعت کاروں اور تاجروں کو درپیش مشکلات ، حائل رکاوٹوں ، سوئی سدرن گیس کمپنی اور ایف بی آر سمیت دیگر اداروں سے متعلق شکایات سے آگاہ کیا ۔اس موقع پر زبیر موتی والا اور ہارون فاروقی نے بھی خطاب کیا