حکومت ملکی ترقی کیلئے تاجربرادری کے کردارکو اہمیت دیتی ہے،عرفان صدیقی
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعظم کے مشیر قومی تاریخ وادبی ورثہ عرفان صدیقی سے پیر کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے وفد نے ملاقات کی۔ مشیر وزیراعظم سے ملاقات کرنے والے وفد کی قیادت آئی سی سی آئی کے صدر خالد اقبال ملک کررہے تھے۔ اس موقع پروفد کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے عرفان صدیقی نے کہا کہ امن کے قیام کے لیے علمی وا دبی سرگرمیوں کا فروغ نہایت اہمیت رکھتا ہے۔ صنعتی ، کاروباری اور تجارتی سرگرمیاں بھی امن و امان کی اچھی صورت حال سے مشروط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملکی معیشت کی ترقی کے لیے صنعتی، کاروباری اور تجارتی برادری کے کردار کونہایت اہمیت دیتی ہے۔ کاروباری برادری کتاب دوستی کے کلچر کو پروان چڑھانے میں قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن کی کاوشوں میں معاونت فراہم کرکے قومی خدمت میں حصہ ڈال سکتی ہے۔ عرفان صدیقی نے توقع ظاہر کی کہ ایوان صنعت و تجارت اسلام آباد،22اپریل سے شروع ہونے والے سہہ روزہ قومی کتاب میلے کے انعقاد کے لیے ضروری تعاون کرے گا ۔ا س موقع پر ایوان صنعت و تجارت کے صدر خالد اقبا ل ملک نے کہاکہ ہم توانائی کے بحران پر قابو پانے اور امن و امان کی صورت حال بہتر بنانے کے حوالے سے حکومتی اقدامات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے قومی کتاب میلہ کے حوالے سے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔آئی سی سی آئی کے وفد نے کہاکہ مشیر وزیراعظم عرفان صدیقی کی سرپرستی میں یومِ کتاب پر قومی کتاب میلے کا انعقاد معاشرے میں مثبت رجحانات کی نشوونما کے لئے خوش آئند ہے۔ چیمبر کے ارکان نے بجٹ کے خسارے اور برآمدات میں کمی پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس کی وصولی کے لیے جبر کے طریقے استعمال نہ کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ انفراسٹرکچر کی تعمیر اور مارک اپ ریٹ میں نمایاں کمی سے صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملا ہے جو انتہائی قابل تحسین ہے۔ چیمبر کے عہدیداروں نے وزیر اعظم کی پالیسیوں کو سراہتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ نئے بجٹ میں صنعت و تجارت کو درپیش مسائل کوخاص طور پر مدنظر رکھا جائے گا۔