”وزارت پانی و بجلی نے 4سال کی محنت ضائع کر دی ،تمام وسائل بروئے کا رلا کر لوڈشیڈنگ میں کمی کی جائے“ : وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کر دی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیر اعظم نوازشریف نے لوڈشیڈنگ میں فوری کمی کے لئے عملی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام ذرائع اور وسائل بروئے کار لا کر لوڈشیڈنگ میں کمی کی جائے ۔وزارت پانی و بجلی کی کارکردگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزارت پانی و بجلی نے 4 سال کی محنت ضائع کردی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور توانائی بحران پر غور کیلئے وزیر اعظم نوازشریف کی زیر صدارت کابینہ کی توانائی کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں لوڈشیڈنگ کی صورت حال اور ملک میں توانائی کے بحران پر غور کیا گیا ، اجلاس میں وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف ، سیکرٹری پانی و بجلی و دیگر حکام شریک ہوئے ۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ گرمی میں اضافے کا بہانہ لوڈشیڈنگ کیلئے مناسب نہیں ، کوئی کوتاہی اور بدانتظامی برداشت نہیں کی جائے گی ۔اجلاس میں مشاورت کی گئی کہ ملک میں لوڈشیڈنگ کو کس طرح کم کیا جائے اور لائن لاسز کو کیسے کم کیا جا سکتا ہے۔