ہم کسی کے خلاف نہیں،مشال کے قاتلوں نے حکومت کے گریبان پر ہاتھ ڈالا:نئی ویڈیو پر مشال خان کے والد کا ردعمل
صوابی(ڈیلی پاکستان آن لائن)مردان کی یونیورسٹی میں قتل ہونے والے مشال خان کے والد نے نئی سامنے آنیوالی ویڈیو پر پہلا رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم کسی کے خلاف نہیں،مشال کے قاتلوں نے حکومت کے گریبان پر ہاتھ ڈالا۔
مشال کے اہلخانہ نے ولی خان یونیورسٹی کا نام مشال کے نام پر رکھنے کی درخواست کی ہے:عمران خان
تفصیلات کے مطابق مشال خان کے قتل کے بعد کی ویڈیو سامنے آنے پر مقتول کے والد کا کہنا تھا کہ ہم کسی کے خلاف نہیں ہیں،قاتلوں نے حکومت رٹ کو چیلنج کیا ہے اور حکومت کا کام ہے کہ تمام ملزمان کو گرفتار کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم سے عمران خان نے انصاف کا وعدہ کیا ہے،ہماری اپیل ہے کہ سب لوگ مشال کو انصاف دلانے کیلئے ساتھ دیں۔
یاد رہے کہ مشال خان کے قتل کے بعد ایک نئی ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں مشتعل افراد کی طرف سے یہ حلف لیا جارہا ہے کہ گولی چلانے والے کا نام نہیں لیا جائے گا اور جو نام لے گا وہ غدار ہوگا جبکہ عمران خا ن نے بھی مشال کے گھر جاکر مقتول کے والدین سے اظہار تعزیت کیا اور قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا یقین دلایا۔