آصف علی زرداری کے رازداں سابق ڈرگ لارڈ بلیک پرنس لاہور میں انتقال کر گئے

آصف علی زرداری کے رازداں سابق ڈرگ لارڈ بلیک پرنس لاہور میں انتقال کر گئے
آصف علی زرداری کے رازداں سابق ڈرگ لارڈ بلیک پرنس لاہور میں انتقال کر گئے

  

لاہور(سپیشل ایڈیٹر) بلیک پرنس سے شہرت حاصل کرنے والے ڈرگ لارڈ ملک مشتاق اعوان آج ڈیفنس لاہور میں انتقال کر گئے۔ وہ جگر کے کینسرمیں مبتلا تھے۔ ملک مشتاق سابق صدر آصف علی زرداری کے منشیات کیس کے اہم کردار تھے اور ان کی گواہی پر ہی سابق صدر کو ڈرگ کیس سے نجات حاصل ہوئی تھی۔

ملک مشتاق یورپ اور امریکہ میں بلیک پرنس کے نام سے معروف تھے۔ ستر کی دہائی میں جب پاکستان ایٹمی ٹیکنالوجی حاصل کرنے میں مصروف تھا تو بلیک پرنس نے مبینہ طور پر ایٹمی پرزوں کی فراہمی میں کردار ادا کیا اور جب ہالینڈ پولیس نے انہیں گرفتار کرنے کے بعد ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی تو انہوں نے ڈچ پولیس افسر کو زوردار مکا دے مارا جس کی شہرت دور تک سنی گئی۔رہائی کے بعد جب بلیک پرنس پاکستان سے واپس چلا گئے تو سی آئی اے نے انہیں امریکہ میں منشیات کے ایک جھوٹے مقدمہ میں گرفتار کرلیا ۔ بلیک پرنس نے صدر ضیاءالحق کا میڈیا ٹرائل کرتے ہوئے انہیں منشیات کا سرغنہ ثابت کرنے کی کوشش کی تو بلیک پرنس نے انہیں قتل کرانے کی بھرپور کاوش کی لیکن کامیاب نہ ہوسکے جبکہ جنرل ضیاءالحق نے بلیک پرنس کو پھانسی پر لٹکانا چاہا تو بعض جرنیلوں نے اس کی مخالفت کی اور بلیک پرنس کو اڑھائی سال ملٹری کورٹ نے سزا کا حکم سنا دیا۔

قید کے دوران وہ یوسف رمزی اور پانامہ کے سابق آمرنوریگاکے ساتھ بیرکوں میں ملاقات کرتے رہے۔ جبکہ قید کے دوران انہوں نے میکسیکو کے سیاہ فاموں کی تحریک کو متحرک کیا تھا،نائن الیون کے بعد بلیک پرنس کو رہا کر دیا گیا اور وہ پاکستان میں واپس آکر سیاسی کردار اداکرنا چاہتے تھے کہ انہیں سابق صدر آصف علی زرداری کے شریک کار کے طور پر منشیات فروشی کے کیس میں سنگین مقدمہ کا سامنا کرنا پڑا۔وہ ممتاز سیاستدان جاوید ہاشمی کے بچپن کے دوست تھے ،ہالینڈ میں وہ انڈر ورلڈ کنگ کہلاتے تھے۔

ملک مشتاق کا دعویٰ تھا کہ سوئس اکاﺅنٹس میں موجود رقم دراصل ان کی تھی لیکن صدر زرداری اور میاں نواز شریف نے ان کے ساتھ دھوکاکیا تھا۔ اپنی وفات سے قبل وہ بہت سے رازوں سے پردہ اٹھانا چاہتے تھے مگر موت نے انہیں مہلت نہیں دی۔ واضح رہے کہ بلیک پرنس نے ڈچ شہزادی سے شادی کی اور ان کا بیٹا عمر ملک ہالینڈ میں انکا ” گدی نشین“ ہے جبکہ لاہور میں بھی انہوں نے تین شادیاں کی تھیں۔

مزید :

لاہور -اہم خبریں -