گندم کی سرکاری خریداری کا ہدف حاصل کرنے کیلئے مہم کا آغاز
فیصل آباد(بیورورپورٹ )حکومت پنجاب کی اعلان کردہ پالیسی کے تحت رواں سیزن کے دوران فیصل آباد سے ایک لاکھ 49 ہزار میٹرک ٹن گندم کی سرکاری خریداری کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس کیلئے ضلع بھر میں 13خریداری مراکز پر کاشتکاروں کی سہولیات کیلئے تمام تر ضروری انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں ۔یہ بات ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)محمد شاہد کی زیر صدارت گندم کی سرکاری خریداری مہم کے انتظامات کاجائزہ لینے سے متعلق منعقدہ اجلاس کے دوران بتائی گئی جس میں اسسٹنٹ کمشنرز احمر سہیل کیفی،صولت حیات،عبدالرزاق ڈوگر،عبدالغفار،شہریار عارف،عفیفہ شاجیہ،ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر امان اللہ سومرو،سینئر کوآرڈینیٹرز،سینٹرانچارجز ودیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر بتایا گیا کہ گندم کی خریداری کیلئے مہم کا آغاز 16اپریل سے کر دیا گیا ہے اور باردانہ کے حصول کیلئے 20اپریل تک کاشتکاروں سے سنٹرز پر درخواستیں موصول کی جائیں گی جبکہ 21اور 22اپریل کو درخواستوں کی جانچ پڑتال کرکے کاشتکاروں کی فہرست مرتب کی جائے گی جوسنٹرز پر آویزاں ہوگی اور 24اپریل سے باردانہ کی تقسیم شروع کردی جائے گی۔صدر اجلاس نے اسسٹنٹ کمشنرز،سنٹر انچارجز سے کہا کہ وہ خریداری مراکز کی صفائی ستھرائی سمیت کاشتکاروں کی سہولت کیلئے بیٹھنے کی آرام دہ سایہ دار جگہ،پینے کے پانی اور دیگر ضروری انتظامات کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ گندم کے کاشتکاروں کی آسائش اور عزت واحترام کا خصوصی خیال رکھا جائے اور انہیں باردانہ کے حصول وگندم کی خرید وفروخت میں کوئی دقت یا مشکل نہیں آنی چاہیے۔انہوں نے ہر سنٹر کے انتظامات کاجائزہ لیتے ہوئے انچارجز کو ہدایت کی کہ گندم کی خریداری کے تمام عمل کو شفاف اور منظم رکھاجائے۔