سی پیک:سرمایہ کاروں کے لئے اقتصادی پیکیج

سی پیک:سرمایہ کاروں کے لئے اقتصادی پیکیج

یہ خبر خوش آئند ہے کہ حکومتِ پاکستان نے سی پیک منصوبوں کے لئے چین کے کاروباری اور تجارتی اداروں سمیت دلچسپی رکھنے والے تمام سرمایہ کاروں کو ترغیب دینے کے لئے ایک پالیسی پیکیج تیار کیا ہے،جس کے تحت تمام اقتصادی زونز میں صنعتیں قائم کرنے والے پاکستانی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو یکساں رعایتیں دی جائیں گی۔ سرمایہ کاری کرنے والوں کو ڈیوٹیوں اور ٹیکسوں سے استثنیٰ دیا جائے گا اور رعایتی قرضوں سمیت خصوصی مراعات بھی انہیں حاصل ہوں گی۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پاکستان کی مقامی صنعتوں کو برابری کی سطح پر ترجیح دی جائے گی۔ اقتصادی زونز کے لئے پاکستان درآمد کی جانے والی مشینری اور پلانٹس پر تمام کسٹم ڈیوٹیوں اور ٹیکسوں سے کم از کم ایک مرتبہ چھوٹ ضرور ملے گی۔ سی پیک سیکرٹریٹ ذرائع کے حوالے سے دی جانے والی سہولتوں کی یہ تفصیل بلاشبہ حوصلہ افزاء ہے۔ سرمایہ کاری کے لئے ترغیبات دینے کا فیصلہ بروقت اور لائق تحسین ہے۔ اس کے پاکستانی معیشت پر دور رس نتائج مرتب ہوں گے۔ خاص طور پر ملکی معیشت غیر ملکی سرمایہ کاری کی وجہ سے مضبوط اور مستحکم ہو گی۔ گزشتہ روز ہی چین کے اقتصادی ماہرین کی طرف سے یہ خوش کن تجزیہ سامنے آیا ہے کہ پاکستانی کرنسی سی پیک منصوبوں کی وجہ سے مستحکم ہو رہی ہے۔سی پیک منصوبے کی اہمیت بہت تیزی سے واضح ہوتی جا رہی ہے۔ خوش قسمتی ہے کہ چین کے ساتھ پاکستان کو اس غیر معمولی اہمیت کے حامل منصوبے میں برابر کی سطح پر شراکت داری حاصل ہے۔ بیشتر ابتدائی اور بنیادی منصوبے پاکستان میں زیر تکمیل ہیں، جو اگلے دو برسوں میں مکمل ہو جائیں گے تو صورتِ حال مزید شاندار اور واضح ہو جائے گی،موجودہ حالات میں ملکوں کی اقتصادیات مضبوط اور مستحکم ہوں تو عالمی برادری انہیں اہمیت اور ترجیح دیتی ہے۔ دو سال پہلے تک ملکی سیاست اور معیشت بہتری سے چل رہی تھی، بعدازاں سیاسی بحران اور بعض عدالتی فیصلوں کی وجہ سے صورتِ حال اسی طرح جاری نہیں رہ سکی۔ خوش قسمتی سے چین کی حکومت نے پاکستانی سیاست کے بحران کو نظر انداز کرتے ہوئے یہ واضح کیا ہے کہ سی پیک منصوبے کی تکمیل کے لئے دونوں ملکوں کی حکومتیں باہمی تعاون جاری رکھیں گی۔ ضرورت اِس بات کی ہے کہ ملکی سیاست اور معیشت کو مزید بحران سے بچانے کے لئے مثبت رویہ اختیار کیا جائے اور ملکی مفاد کو ترجیح دیتے ہوئے اقتدار کی سیاست سے گریز کیا جائے۔ اگر خدانخواستہ سی پیک منصوبہ ہمارے سیاسی حالات (انتشار اور افراتفری) سے متاثر ہونے لگا تو بڑی بدقسمتی کی بات ہو گی۔ فی الحال سی پیک منصوبوں کے حوالے سے غیر ملکی اور ملکی سرمایہ کاروں کے لئے حکومتی کوششیں اطمینان بخش ہیں۔ اقتصادی رعایتوں اور سہولتوں کے پیکیج کے مفید اور شاندار نتائج کے لئے کوشاں رہنے کی ضرورت ہے۔ تمام حلقوں اور شعبوں کو قومی ذمے داری سے اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہئے۔

مزید : رائے /اداریہ