’’میاں عبدالکریم نے ساری زندگی ملک اور قوم کیلئے وقف رکھی‘‘
لاہور(جنرل رپورٹر) تحریک پاکستان کے مخلص کارکن ‘سابق صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان و چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ محمد رفیق تارڑ، وائس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد، چیف کوآرڈی نیٹر میاں فاروق الطاف ،چیئرمین تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ چیف جسٹس( ر) میاں محبوب احمد، کارکنان تحریک پاکستان جسٹس(ر) آفتاب فرخ ، جسٹس(ر) خلیل الرحمن خان، کرنل(ر) سلیم ملک ، چودھری ظفر اللہ خان ، محمد ارشد چودھری ، کرنل(ر) اکرام اللہ خان ، خواجہ خورشید وائیں ،چوہدری محمد طفیل ، رانا سجاد جالندھری، میاں ابراہیم طاہر، ایم کے انور بغدادی، نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشید نے اپنے ایک مشترکہ تعزیتی بیان میں صدر نظریۂ پاکستان فورم فیصل آباد الحاج میاں عبدالکریم کے انتقال پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے ۔ تعزیتی بیان میں کہا گیا ہے کہ میاں عبد الکریم نے اپنی زندگی پاکستان کی تعمیروترقی اور نظریۂ پاکستان کی ترویج واشاعت کیلئے وقف کر رکھی تھی ۔ وہ مختلف تعلیمی اداروں میں جا کر طلبہ کو تحریک پاکستان ، دوقومی نظریہ اور قیام پاکستان کے اسباب ومقاصد سے آگاہ کرتے تھے۔ میاں عبدالکریم کو مشاہیر تحریک پاکستان سے والہانہ لگاؤ تھا اور نسل نو کو ان کی پیروی کا درس دیتے رہے۔ وہ سرتاپا پاکستانی تھے اور پاکستان سے محبت ان کے رگ وپے میں رچی بسی تھی۔ بیان میں سوگوار خاندان سے تعزیت کا اظہارکیا گیا اور مرحوم کی مغفرت کے لیے دعا کی کہ اللہ تعالی انہیں جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو صبرجمیل عطا فرمائے۔
میاں عبدالکریم