کراچی میں بد ترین لوڈشیڈنگ پر نیپرا کا کے الیکٹرک کیخلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ

کراچی میں بد ترین لوڈشیڈنگ پر نیپرا کا کے الیکٹرک کیخلاف قانونی کارروائی کا ...

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی میں بدترین لوڈشیڈنگ کا سبب کے الیکٹرک کا بجلی گھر تیل پر نہ چلانے کو قرار دے دیا۔گرمی کے آغاز کے ساتھ ہی لوڈشیڈنگ میں غیر معمولی اضافہ کردیا گیا ہے اور کے الیکٹرک کی جانب سے شہر کے بیشتر علاقوں میں 10 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔شہر میں بدترین لوڈشیڈنگ پر احتجاج کے بعد نییپرا کی ٹیکنیکل ٹیم نے 11 سے 13 اپریل تک کراچی کا دورہ کیا جہاں ٹیم نے کے الیکٹرک کے پاور پلانٹس اور گرڈ اسٹیشنز کا دورہ کیا اور شہریوں سے بھی ملاقات کی۔۔نیپرا نے کے الیکٹرک کے خلاف قانونی کارروائی شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔نیپرا کی ٹیم نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ کے الیکٹرک نے بن قاسم ٹو اور کورنگی پاورپلانٹس کوگیس کے ساتھ ڈیزل پرمنتقل نہیں کیا، کے الیکٹرک نے اپنے فرنس آئل کے پاور پلانٹس کو بھی پوری صلاحیت پر نہیں چلایا۔ نیپرا نے کے الیکٹرک سے اس معاملے پر وضاحت طلب کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے جس میں پوچھا جائے گاکہ کے الیکٹرک نے بن قاسم ٹو اور کورنگی پاورپلانٹس کوگیس کے ساتھ ڈیزل پر منتقل کیوں نہ کیا ؟نیپرا ٹیم نے کے الیکٹرک کی جانب سے کی جانے والی لوڈ شیڈنگ پر رپورٹ نیپرا اتھارٹی کو جمع کرادی ہے جس کے بعد وزارت توانائی کے لیے ایڈوائزری جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ وزارت توانائی کو ایڈوائزری جاری کی جائے گی کہ کیالیکٹرک کو گیس دی جائے اور کے الیکٹرک اپنے فرنس آئل کے پاور پلانٹس کو بھی پوری صلاحیت پر چلائے ۔ذرائع کے مطابق نیپرا نے ہدایت کی ہے کہ کے الیکٹرک بن قاسم ٹو اور کورنگی پاور پلانٹس کوگیس کے ساتھ ڈیزل پر منتقل کرے۔دوسری جانب نیپرا کی طرف سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اپریل 2017 کے مقابلے میں کے الیکٹرک کو 50 سے 60 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کم فراہم کی جارہی ہے، 27 مارچ سے 10 اپریل تک بن قاسم پاور اسٹیشن ون کو کم پیداوار پر چلایا گیا، 647 میگاواٹ بجلی پیدا کی گئی جب کہ پلانٹ کی صلاحیت 1015 میگا واٹ ہے۔کے الیکٹرک کے پاور پلانٹس کی مرمت نہ ہونے کے سبب بھی بجلی کا مسئلہ پیدا ہوا، کورنگی اور بن قاسم کے غیر فعال پلانٹس فوری ڈیزل پر چلائے جائیں جب کہ کے الیکٹرک رمضان میں سحر و افطار میں لوڈ شیدنگ نہ کرنے کا پلان دے۔

نیپرا،کارروائی

مزید : علاقائی