خیبر پختونخوا میں بدترین کارکردگی دکھانے والے اپنے گریبان میں جھانکیں : شہباز شریف

خیبر پختونخوا میں بدترین کارکردگی دکھانے والے اپنے گریبان میں جھانکیں : ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر) وزیر اعلیٰ شہباز شریف سے وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور،ترقیاتی منصوبوں ،سی پیک اورسیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جب اقتدار سنبھالا تو ملک بے شمار مسائل کا شکار تھا تاہم مسلم لیگ(ن) کی حکومت کی چیلنجز سے نمٹنے کی کاوشیں رنگ لائی ہیں اور2018ء کا پاکستان ماضی کے مقابلے میں زیادہ محفوظ، پرامن اورروشن ہے۔ سی پیک کے منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلی نے کہاکہ سی پیک نے پاکستان کی معیشت کو نئی طاقت دی ہے اورسی پیک کے منصوبے گیم چینجر ثابت ہوئے ہیں ۔ سی پیک کے تحت چین کی اربوں ڈالرکی سرمایہ کاری مسلم لیگ(ن) کی قیادت پر چینی لیڈر شپ کا بھر پور اعتماد کا اظہار ہے ا ورسی پیک نے معاشی ترقی کے نئے دریچے کھولے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ سیاست عوام کی بے لوث خدمت کانام ہے اورہمارا ہر قدم عوام کی فلاح کیلئے اٹھ رہا ہے۔پاکستان کی 70ء سالہ تاریخ میںیہ پہلا موقع ہے کہ تیزرفتاری اورشفافیت کیساتھ منصوبے مکمل کیے گئے ہیں۔ دریں اثناء وزیراعلی پنجاب سے مختلف ا ضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے بھی ملاقات کی ۔ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت کے پانچ برس شفافیت ،دیانت اورامانت سے عبارت ہیں اورہمارا ہر منصوبہ عوام کی فلاح وبہبود کا آئینہ دار ہے ۔مخالفین کے بے بنیاد الزامات صرف جھوٹ کا پلندا ہے ۔کے پی کے میں بدترین کارکردگی دکھانے والے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں۔بہتان تراشی اورجھوٹ بولنے سے قوم کی منزل کھوٹی ہوتی ہے ۔ جھوٹ بولنے والوں نے کے پی کے میں اپنے عوام کی کوئی خدمت نہیں کی جبکہ ہماری حکومت نے دل و جان سے عوام کی خدمت کی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جھوٹ اور بہتان طرازی کی منفی سیاست کے علمبر دار عناصر کو عوام کے مسائل میں کوئی دلچسپی نہیں۔ان شکست خوردہ عناصر نے ملک وقوم کے روشن مستقبل کو کھوٹا کرنے کی کوئی کسر نہیں چھوڑی۔جھوٹ ،الزامات اور کھوکھلے نعروں پر مبنی سیاست کرنے والوں کا مستقبل تاریک ہے۔آئندہ انتخابات میں عوام منفی سیاست کرنیوالوں کو یکسر مسترد کر دیں گے۔ اراکین اسمبلی نے صوبے کے عوام کی بے مثال خدمت پر وزیر اعلیٰ شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ نے اپنی محنت اورویژن کے ذریعے پنجاب کو ایک مثالی صوبہ بنایا ہے۔ لاہور سمیت پنجاب کے شہروں کی ترقی دیگر صوبوں کیلئے قابل تقلیدبن چکی ہے ۔پنجاب سپیڈ شہباز شریف کا اعزاز ہے اورانشاء اللہ اب پنجاب سپیڈ پاکستان سپیڈ میں بدلے گی۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنیوالوں میں رکن قومی اسمبلی محسن شاہنواز رانجھا،اراکین پنجاب اسمبلی مہوش سلطانہ اور چوہدری زاہد اکرم شامل تھے ۔
شہباز شریف

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے گریٹر اقبال پارک میں بنائے گئے نیشنل ہسٹری میوزیم کا افتتاح کیا۔وزیراعلی نے گریٹر اقبال پارک میں پودابھی لگایا ۔ وزیر اعلی نے نیشنل ہسٹری میوزیم کے افتتاح کے بعد میوزیم کا دورہ کیا اور تحریک پاکستان کے ہیروز کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ وزیراعلی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ نیشنل ہسٹری میوزیم شاندار پراجیکٹ ہے جس میں تاریخ پاکستان کو زندہ کیا گیا ہے ۔گریٹر اقبال پارک میں نیشنل ہسٹری میوزیم کا آغاز ایک تاریخی واقعہ ہے اور یہ سیاحوں کی دلچسپی کا باعث ہوگا ۔اس میں آزادی کے بنیادی تصور، جدوجہد آزادی اور قیام پاکستان کے ابتدائی منزل کی منظر کشی کی گئی ہے۔وزیر اعلی نے نیشنل ہسٹری میوزیم کے شاندار منصوبے کو سراہتے ہوئے کہاکہ گریٹر اقبال پارک میں عالمی معیار کا نیشنل ہسٹری میوزیم بنایا گیا ہے اور مجھے یہ میوزیم دیکھ کر انتہائی خوشی ہوئی ہے اور میں یہاں آکر تاریخ میں کھو گیا ہوں ۔ نیشنل ہسٹری میوزیم نے تحریک قیام پاکستان کی یاد تازہ کر دی ۔ وزیراعلی محمد شہبازشریف نے نیشنل ہسٹری میوزیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جس طرح گریٹر اقبال پارک پاکستان کے دل شہر لاہور میں شاندار اضافہ ہے اسی طرح گریٹر اقبال پارک میں نیشنل ہسٹری میوزیم کا قیام ایک شاندار اضافہ ہے۔انہوں نے کہاکہ گریٹر اقبال پارک میں عالمی معیار کا تاریخی میوزیم بنایا گیاہے جسے سب کو دیکھنا چاہیے تاکہ انہیں قیام پاکستان کے حوالے سے دی جانے والی قربانیوں سے مکمل آگاہی ملے۔اس میوزیم میں آنے سے انہیں پتہ چلے گا کہ قیام پاکستان کے لئے کتنی لازوال قربانیاں دی گئی ۔علامہ اقبال ؒ نے قائداعظم ؒ کو خطوط لکھے اور انہوں نے تحریک پاکستان کو کس طرح بھرپو رانداز سے آگے بڑھایا ۔یہاں آکر انہیں اس بات سے بھی آگاہی ہوگی کہ ہمیں یہ خطہ کس طرح خون کے دریا عبور کر کے ملا ہے۔انہوں نے کہاکہ لاکھوں لوگ خوبصورت خواب او رآنکھوں میں سہانے سپنے سجاکر پاکستان آئے ا ور اپنے پیاروں کی قربانیاں دیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اللہ تعالی کی نعمت ہے اور اس عظیم ملک کے قیام میں 70 برس گزر چکے ہیں ۔ اب ہم نے اپنے آپ سے سوال کرنا ہے کہ 70 برس میں قیام پاکستان کے مقاصد کو اس حد تک پورا کیا ہے ۔ ہمیں یہ سوال خلوص اور ایمانداری سے جانچنا ہو گا۔ محنت سے ہی قومیں بنتی ہیں ۔ اگر آج ہم اپنا منصفانہ احتسا ب کریں گے تو حقائق سامنے آجائیں گے کہ منزل ابھی بہت آگے ہے۔ انہوں نے کہاکہ بہت سے لوگ ایسے بھی ہیں جنہوں نے ملک کی تعمیر وترقی کے لئے خون پسینہ بہایا جبکہ بہت سے لوگ ایسے بھی ہیں جنہوں نے اپنے ہاتھوں سے اس ملک کو برباد کیا۔انہوں نے کہاکہ نیشنل ہسٹری میوزیم ایک شاندار منصوبہ ہے اور اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے پر میں متعلقہ صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری ، کمشنر لا ہور ڈویژن ، ڈی جی پی ایچ اے اور پوری ٹیم کا شکریہ ادا کرتا ہوں جن کی شب وروز کی محنت سے یہ شاندار منصوبہ مکمل ہوا ہے او ریہ اپنی نوعیت کا پہلا او رمنفرد میوزیم ہے۔انہوں نے کہاکہ نیب احتساب کا ادارہ ہے اسے اپنا فرض اداکرنا ہے ، آپ محنت سے کام کریں گے تو آپ کو ہر طرف سے شاباش ملے گی اور نیب بھی آپ کا کچھ نہیں بگاڑ سکے گا۔اگر آپ محنت سے کام نہیں کریں گے تو نیب کیا آپ اپنا خود بگاڑ لیں گے ۔ وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے گریٹر اقبال پارک میں جھیل کابھی افتتاح کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی نے کہاکہ جھیل میں کشتی رانی کی بہترین تفریح فراہم کی گئی ہے ۔ گریٹراقبال پارک تاریخی پارک بن چکا ہے ۔ پاکستان کے عوام یہاں آکر تحریک قیام پاکستان کی جدوجہد کو دیکھ سکتے ہیں۔ گریٹر اقبال پارک میں معلوماتی ، تاریخی اورتفریحی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔

مزید :

صفحہ اول -