سعودی عرب میں افرادی قوت کی تمام ضروریات پوری کریں گے،ذوالفقار چیمہ

سعودی عرب میں افرادی قوت کی تمام ضروریات پوری کریں گے،ذوالفقار چیمہ

اسلام آباد (این این آئی)قومی کمیشن برائے تکنیکی و پیشہ وارانہ تربیت (نیوٹیک) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذوالفقار احمد چیمہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں افرادی قوت کی تمام ضروریات پوری کریں گے۔ نیوٹیک کی جانب سے بیان کے مطابق سعودی عرب کے سینئر سفارتکار فہد الشہری نے نیوٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ہنرمند پاکستانیوں کو سعودی عرب میں معقول معاوضہ پر ملازمت کے حصول جیسے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے بتایا کہ اب نیوٹیک کے زیر اہتمام نوجوانوں کو مختلف پیشوں میں اعلیٰ معیار کی تربیت فراہم کی جا رہی ہے اور پاکستان، سعودی عرب کیلئے بڑی تعداد میں ہنر مند بھیج سکتا ہے۔ اس سلسلہ میں ان فنون میں خصوصی تربیت دی جا رہی ہے جس کی سعودی عرب اور مڈل ایسٹ میں زیادہ ڈیمانڈ ہے اس کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو عربی زبان بھی سکھائی جا رہی ہے۔ اس موقع پر سعودی سفارتکار نے عندیہ دیا کہ جلد ہی سعودی عرب کی تعمیراتی بزنس کی بڑی شخصیات کو پاکستان کا دورہ کرایا جائے گا تاکہ وہ خود آکر فنی تربیت کا معیار دیکھ سکیں۔

مزید : صفحہ آخر