محنت کی کمائی سے پیراگون سٹی میں زمین خریدی، گوشواروں میں بھی ظاہر کی: سعد رفیق

محنت کی کمائی سے پیراگون سٹی میں زمین خریدی، گوشواروں میں بھی ظاہر کی: سعد ...

لاہور(این این آئی) وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ محنت کی کمائی سے پیراگون سٹی میں زمین خریدی جو گوشواورں میں بھی ظاہر کی گئی، تمام رقوم کی بینکوں کے ذریعے ادا ئیگی کی گئی جس کی مکمل تفصیلات نیب کو فراہم کر دیں،پیچھے ڈوریاں ہلانے والا کون ہے معلوم نہیں،پاکستان میں کبھی بھی بلا امتیاز احتساب نہیں ہوا ، ملک کو سلامتی کی طرف لے جانے والا واحد راستہ صاف شفاف اور بروقت انتخابات ہیں،فیصلوں پر اختلاف کیا جا سکتا ہے مگر کبھی عدلیہ پر اعتراض نہیں کیا جا سکتا ، لوہے کے چنے کی بات سیاسی مخالفین کے لئے کی تھی اور جس روز تقریر کی اسی روز اس کی وضاحت بھی کر دی تھی ،آئندہ موقع ملا تو نیب قانون پر ضرور قانون سازی کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے بھائی صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کے ہمراہ لاہور پریس کلب میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ گزشتہ دو روز سے میرے اور میری فیملی پر ایک نیا حملہ کیا گیا ہے کہ پیراگون سٹی کے کاغذات جس میں خواجہ سعد رفیق کی ملکیت ظاہر کی گئی منظر عام پر آگئے جس کا جواب دینا ضروری تھا ۔2011-12میں برکی روڈ پر 44کینال زمین خریدی جسے گوشواروں میں بھی ظاہر کیا اور ساری رقوم کی ادائیگی بینکوں کے ذریعے کی گئی ۔ 2014ء میں سلمان رفیق نے جگہ خریدی اور 2016ء میں ہم دونوں نے پیراگون سٹی سے ایک معاہدہ کے ذریعہ50کینال اراضی دے کر 40کینال اراضی لی جس کے ڈویلپمنٹ چارجز کیلئے 3کروڑ روپے کی رقم قسطوں میں جمع کرا رہے ہیں او ریہ ساری تفصیلات خود نیب فراہم کیں۔اس کو سکینڈلائز کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔اسے ایسے دکھایا جارہا ہے کہ جیسے میری کوئی ناجائز پراپرٹی پکڑ لی گئی ہو ،اگر یہ غیر قانونی ہوتا تو میں اسے گوشواورں میں ظاہر نہ کرتا ۔انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ پراپیگنڈا کرنے کے ماہر ہیں اور وہ اس کیلئے حدود بھی کراس کر رہے ہیں۔کاروبار کرنا ہمارا بھی حق ہے۔ جائیداد خریدنا اور ٹرانسفر کرنا کونسا جرم ہے؟ ۔ پہلے الیکشن چوری، پھر ایمان اور عقیدے اور اب چور، چور کا الزام لگایا جا رہا ہے۔ میں نہیں جانتا کہ ڈوریاں کہاں سے ہلائی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب ایک نیا پراپیگنڈا یہ بھی کیا جا رہا ہے کہ ریلوے کا ریکارڈ جلا دیا جائے گا،کیا ہم پاگل ہیں کہ ایک ادارہ جسے ہم نے دوبارہ زندہ کیا اور اس میں نئی جان ڈالی اس کا ریکارڈ کیوں جلائیں گے ،ہم نے وہاں سکیورٹی مزید سخت کر دی ہے تا کہ کوئی دوسرا اس کا فائدہ نہ اٹھا لے۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ایک پارٹی ترجمان جو متعدد پارٹیاں بدل چکا ہے الزام لگا رہا ہے ۔لوگ سفید جھوٹ بولتے ہوئے ڈرتے کیوں نہیں شاید انہوں نے آب حیات پیا ہوا ہے۔

سعد رفیق

مزید : صفحہ آخر