ملک پر مسلط اشرافیہ نے ہمیشہ عوام کی مانگوں کا خون کیا: سراج الحق

ملک پر مسلط اشرافیہ نے ہمیشہ عوام کی مانگوں کا خون کیا: سراج الحق

جندل (آئی این پی )امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ حکومت کا کام صرف بل اور ٹیکس جمع کر کے عوام کا خون چوسنا نہیں ہوتا ، اسے عوام کے ساتھ ایک ماں کا کردار ادا کرنا چاہیے اور عوامی ضروریات کا خیال رکھنا چاہیے۔ حکمران عوام کے ٹیکسوں سے حاصل ہونے والی رقم عوام کی بجائے اپنے عیش و عشرت پر خرچ کر دیتے ہیں اور عوام تعلیم ، صحت ، روزگار اور امن و امان جیسی بنیادی ضرورتوں سے محروم ہیں۔ ستر سال سے ملک پر مسلط اشرافیہ نے ہمیشہ عوام کی امنگوں کا خون کیا اور انہیں سہانے خواب دکھا کر ان کا استحصال کیا۔ نئی نسل اقتدار کے بھوکے سیاستدانوں کے فریب میں آنے کی بجائے پاکستان کو ایک اسلامی اور فلاحی ریاست بنانے کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ جماعت اسلامی کی حکومت ہر مظلوم کی وکالت خود کرے گی۔ تعلیم اور علاج مفت ہوگا۔ ہر بے گھر کو چھت اور بے روزگار کو روزگاری الاؤنس دیں گے۔ ظلم و جبر اور جہالت کے اندھیروں سے نکلنے کے لیے کرپٹ سیاستدانوں سے نجات حاصل کرنا ہو گی۔ وہ منگل کو اپنے حلقہ انتخاب جندل معیار میں ٹانک شاہ پل کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر اعزاز الملک افکاری بھی موجود تھے۔ تقریب میں علاقہ کے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ٹانک شاہ پل کی تعمیر علاقہ کے عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا۔دس کروڑ روپے کی لاگت سے بننے والے اس پل کی تعمیر سے علاقہ کے لاکھوں لوگ مستفید ہوں گے اور یہ پل علاقے میں ترقی و خوشحالی کا سنگ میل ثابت ہوگا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ علاقہ کی ترقی کے لیے سی پیک سے صرف روٹ نہیں بلکہ اقتصادی اور صنعتی زون چاہیے۔

سراج الحق

مزید : صفحہ آخر