مال روڈ احتجاج پابندی کیس‘ سماعت کے لئے نیا 3رکنی فل بنچ تشکیل

مال روڈ احتجاج پابندی کیس‘ سماعت کے لئے نیا 3رکنی فل بنچ تشکیل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نامہ نگار خصوصی )چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس یاورعلی نے مال روڈ پر احتجاج کی پابندی پر عمل درآمد کیس کی سماعت کے لئے نیا 3رکنی فل بنچ تشکیل دے دیا ہے، بنچ کے سربراہ سینئر ترین جج جسٹس انوار الحق ہوں گے ، یہ بنچ 24اپریل کو ان درخواستوں پر سماعت کرے گا ۔چیف جسٹس نے مال روڈ پر احتجاج اور دھرنے روکنے کے عدالتی فیصلے پر عمل نہ ہونے کے خلاف دائردرخواستوں پرسماعت کے لئے یہ فل بنچ تشکیل دیا ہے، بنچ کے دیگر ارکان میں جسٹس سید کاظم رضا شمسی اور جسٹس فیصل زمان خان شامل ہیں، مقامی تاجر نعیم میر سمیت دیگر تنظیموں نے مال روڈ پر احتجاج پر پابندی کے احکامات پر عمل درآمد کے لئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کررکھا ہے، درخواستوں میں نشاندہی کی گئی ہے کہ ہائیکورٹ نے مال روڈ پر احتجاج پر پابندی عائد کی ہے ،عدالتی احکامات کے باوجود آئے دن مال روڈ پر احتجاج کیا جا رہا ہے، درخواست گزاروں کے مطابق احتجاج سے کاروبار زندگی بھی متاثر ہوتا ہے بلکہ یہ عدالتی احکامات کی خلاف ہے، مال روڈ پر احتجاج کے خلاف درخواستوں پر تین رکنی فل بنچ سماعت کر رہا تھا ،بنچ کی تحلیل پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے اب نیا بنچ تشکیل دے دیا ہے جو 24 اپریل سے درخواستوں پر سماعت کرے گا۔