چیف جسٹس ثاقب نثار آج پشاور کے دورے پر جائیں گے ،انتظامیہ میں کھلبلی مچ گئی
پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن)چیف جسٹس ثاقب نثار آج پشاور کے دورے پر جائیں گے ،چیف جسٹس پاکستان کے دورہ کا سن انتظامیہ میں کھلبلی مچ گئی۔
نجی ٹی وی چینل سما نیوز کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان آج پشاور کے دورے پر جائیں گے،جس پر پشاور کے سرکاری ہسپتالوں کی انتظامیہ جاگ اٹھی،چیف جسٹس کی آمد سے قبل ہسپتالوں میں عملہ متحرک ہو گیا اور صفائیاں زور شور سے جاری ہیں۔
واضح رہے کہ چندروزقبل محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے چیف جسٹس ثاقب نثار کے متوقع دورہ پشاور کے تمام بڑے ہسپتالوں کو مراسلے جاری کئے تھے جس میں کہا گیا تھاکہ ملک کی اہم شخصیت کا دورہ متوقع ہے ،ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور عملے کی حاضری کو یقینی بنایا جائے اوربستروں پر صاف چادریں ڈالی جائیں۔محکمہ صحت نے انتباہ کیا تھا کہ تمام ہسپتالوں میں مریضوں کو سہولیات کی جائیں۔
یاد رہے کہ چیف جسٹس ثاقب نثار پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے دورے کر چکے ہیں جہاں انہوں نے ہسپتالوں کا دورہ کیا اور دستیاب سہولیات بارے بریفنگ حاصل کی، چیف جسٹس پاکستان اپنے بیانات میں کہہ چکے ہیں کہ وہ جلد خیبرپختونخوا کا دورہ بھی کریں گے۔